این سی او سی نے 20 شہروں کو ہاٹ اسپاٹس قرار دے دیا، انتظامات سخت کرنے کی تجویز
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 20 شہروں کی نشان دہی کی ہے جو کرونا وائرس کے ہاٹ اسپاٹس بن رہے ہیں۔ این سی او سی نے ان شہروں میں انتظامات سخت کرنے کی سفارش کی ہے۔
این سی او سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ٹیسٹنگ, ٹریسنگ اور کورنٹائن (ٹی ٹی کیو) کی حکمتِ عملی کے تحت مُلک کے 20 شہروں کی نشان دہی کی گئی ہے جن میں کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
این سی او سی کے مطابق اسلام آباد کے علاقے جی نائن ٹو اور جی نائن تھری میں 300 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ آئی ایٹ، آئی ٹین، غوری ٹاؤن، بارہ کہو، جی سکس اور جی سیون کے علاقے اسلام آباد میں کرونا کیسز کے نئے ہاٹ اسپاٹس ہیں۔
این سی او سی کی جانب سے جن شہروں میں مزید انتظامات کی سفارش کی گئی ہے ان میں کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور اور راولپنڈی بھی شامل ہیں۔
پشاور: کرونا کے پھیلاؤ کے بعد کئی علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن
خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کے چار علاقوں میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن اشرفیہ کالونی، چنار روڈ یونیورسٹی ٹاؤن، دانش آباد اور سیکٹر ای ٹو فیز ون حیات آباد میں نافذ کیا گیا ہے۔
اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں میں آمد و رفت بند رہے گی۔ مذکورہ علاقوں میں اشیائے خور و نوش، میڈیسن، جنرل اسٹور، تندور اور ایمرجنسی سروسز کی دکانیں کھلی رہیں گی جب کہ باقی تمام دکانیں کھولنے پر پابندی ہو گی۔
ان علاقوں کی مساجد میں صرف پانچ افراد کو باجماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہو گی۔
علاقہ مجسٹریٹ اور پولیس کو اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پاکستان: ایک روز میں 111 اموات
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 111 مریض دم توڑ گئے ہیں۔ ایک روز کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2839 تک پہنچ گئی ہے جب کہ ملک بھر میں اس وبا سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 920 ہے جن میں سے 56 ہزار 390 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 25 ہزار سے زائد افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ پاکستان میں اب تک نو لاکھ 22 ہزار 665 افراد کے کرونا ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔