امریکہ میں ہائیڈروآکسی کلوروکوئن کے استعمال پر پابندی
امریکہ کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے کرونا وائرس کے علاج کے لیے دو دواؤں کی ہنگامی منظوری کے فیصلے کو واپس لے لیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے ان دواؤں کو کرونا وائرس کے خلاف موثر قرار دیا تھا۔
ملیریا کے علاج کے لیے استعمال کی جانے والی ہائیڈروآکسی کلوروکوئن اور اس جیسی ایک اور دوا کلوروکوئن کے بارے میں اب ایف ڈی اے کا کہنا ہے کہ ان کے کرونا وائرس کے علاج میں موثر ہونے کا امکان نہیں۔
بعض محدود پیمانے اور مشکوک نتائج والے تجربات کے بعد کہا گیا تھا کہ یہ دوائیں کرونا وائرس کے علاج میں کام آ سکتی ہیں۔ اس کے بعد صدر ٹرمپ بار بار ان دواؤں کا ذکر کرتے رہے تھے۔ حد یہ کہ جب ان کا ایسے دو افراد سے رابطہ ہوا جنھیں کرونا وائرس لاحق تھا تو اس کے بعد انھوں نے خود بھی ہائیڈروآکسی کلوروکوئن استعمال کی تھی۔
ایف ڈی اے نے کہا ہے کہ کچھ ڈیٹا دیکھنے کے بعد واضح ہوا ہے کہ یہ دوائیں، خاص طور پر ہائیڈروآکسی کلوروکوئن نقصان پہنچاتی ہے۔ اس سال کے شروع میں ایف ڈی اے نے ایک انتباہ جاری کیا تھا کہ یہ دوائیں دھڑکن کو متاثر کرنے کا باعث ہو سکتی ہیں۔
یوکرین کے صدر کی اہلیہ بھی کرونا وائرس میں مبتلا
یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی کی اہلیہ اولینا زیلنسکا بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں اور ایک مقامی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
یوکرین کے صدارتی دفتر سے منگل کو جاری ہونے والے بیان میں کہا ہے کہ صدر ولادی میر زیلنسکی کا بھی کرونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا جو منفی آیا ہے جب کہ ان کے دو بچوں کے ٹیسٹ بھی منفی آئے ہیں۔
البتہ یوکرینی صدر نے اپنی تمام مصروفیات، میٹنگز اور دورے منسوخ کرتے ہوئے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے یوکرین میں مارچ میں لاک ڈاؤن کیا گیا تھا اور گزشتہ ماہ اس لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی تھی۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد یوکرین میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
یوکرین میں اب تک 32 ہزار 400 سے زائد کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ کل 912 اموات ہوئی ہیں۔
اسپین: برطانوی شہریوں پر قرنطینہ کی پابندیاں عائد کرنے پر غور
اسپین کی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے سے ملکی سرحدیں کھول دی جائیں گی لیکن برطانیہ سے آنے والوں پر قرنطینہ میں رہنے کے پابندی لگانے پر غور ہو رہا ہے۔
برطانیہ نے بھی اسپین سے آنے والوں پر قرنطینہ میں رہنے کی پابندی عائد کی ہوئی ہے جس کے جواب میں اسپین بھی یہی پالیسی اپنانے کا سوچ رہا ہے۔
خبر رساں ادار 'رائٹرز' کے مطابق اسپین کی وزیرِ خارجہ ارانچا گونزالیز کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ برطانیہ جلد اسپین کے شہریوں پر عائد یہ پابندیاں اٹھائے گا تاکہ اسپین کو بھی پابندیاں لگانے کی ضرورت پیش نہ آئے۔
روس میں کرونا کے مریضوں کی تعداد ساڑھے پانچ لاکھ کے قریب پہنچ گئی
روس میں منگل کو کرونا وائرس کے آٹھ ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں مریضوں کی تعداد ساڑھے پانچ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 8248 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 193 افراد وائرس کا شکار ہو کر جان سے گئے۔
روسی حکام کے مطابق ملک میں کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 45 ہزار 458 ہو گئی ہے جب کہ کل اموات 7248 ہو چکی ہیں۔