کرونا سے بچاؤ کے ایس او پیز کے ساتھ فضائی سفر
کرونا وائرس اور دیگر تاریخی واقعات میں امریکہ کا جانی نقصان
ایران میں کرونا سے ہلاکتیں نو ہزار، مریض ایک لاکھ 92 ہزار سے متجاوز
ایران میں کرونا سے مزید 115 اموات کے بعد ملک میں وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 9065 ہو گئی ہے۔
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے 'اِرنا نیوز' کے مطابق منگل کو وزارتِ صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے مزید 115 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
سیما لاری کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2563 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کرونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 92 ہزار 439 ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ 52 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جب کہ 2815 مریضوں کی حالت نازک ہے جنہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔
وزارتِ صحت کی ترجمان کے بقول ایران میں اب تک 12 لاکھ 93 ہزار سے زائد افراد کے کرونا ٹیسٹس کیے جا چکے ہیں۔
وفاقی وزیرِ آئی ٹی سید امین الحق بھی کرونا وائرس میں مبتلا
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سید امین الحق بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
سید امین الحق کے مطابق انہیں گزشتہ کئی روز سے بخار تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو آئسولیٹ کر لیا تھا۔ گزشتہ روز انہوں نے کرونا ٹیسٹ کرایا تھا جو مثبت آیا ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سندھ اسمبلی کی سابقہ ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئی ہیں۔
ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں شہلا رضا نے بتایا کہ ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔