افریقہ میں ایک دن میں 10 ہزار کیسز کا اضافہ
افریقہ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آ گئی ہے جب کہ ایک دن میں 10ہزار مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق افریقی ممالک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 9761 کیسز کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد دو لاکھ 50 ہزار ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ برِ اعظم افریقہ کی مجموعی آبادی ایک ارب 20 کروڑ کے قریب ہے۔
افریقی ممالک میں حکومتوں نے اب تک چھ ہزار 800 کے قریب ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وبا سے متاثرہ ایک لاکھ 14 ہزار افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
ترکی کے 42 صوبوں میں فیس ماسک لازمی قرار
ترکی میں حکومت نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 81 میں سے 42 صوبوں میں فیس ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا ہے۔
ترکی میں قبل ازیں 37 صوبوں میں فیس ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا تھا تاہم منگل کو مزید پانچ صوبوں میں ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا۔
وزیر صحت فخر الدین قوجہ نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ 42 صوبوں میں سب کو فیس ماسک اب لازمی استعمال کرنا ہوگا۔
حکام نے دیگر 39 صوبوں میں مختلف پابندیوں اور بندشوں کا نفاذ کیا ہے۔
ترکی کے دیگر صوبوں میں پبلک ٹرانسپورٹ، شاپنگ مال اور دکانوں سمیت دیگر عوامی مقامات پر ماسک پہننا تجویز کیا گیا ہے جب کہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
وزیر صحت فخر الدین قوجہ نے کہا ہے کہ ماسک کے استعمال کے بغیر وبا کے پھیلاؤ کو نہیں رکا جا سکتا۔