پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ تجارت بحال
پاکستان اور افغانستان کے درمیان کرونا وائرس کے سبب مارچ میں معطل ہونے والا دو طرفہ تجارت کا سلسلہ پیر سے ایک بار پھر بحال ہو گیا ہے۔
دونوں ممالک کے تجارتی اور کاروباری شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی درخواست پر پاکستان کی وفاقی وزارتِ داخلہ نے دو طرفہ تجارت بحال کرنے کا اعلامیہ چند دن قبل جاری کیا تھا۔ جس پر پیر سے عمل در آمد شروع ہو گیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں طورخم اور چمن کی سرحدی گزرگاہوں کے علاوہ شمالی وزیرستان کی ‘غلام خان گزرگاہ’ کے ذریعے دو طرفہ تجارت کا سلسلہ بحال کیا گیا ہے۔
افغانستان کی حکومت کی درخواست پر کراچی کے راستے ٹرانزٹ اور دیگر تجارتی سامان کی پاکستان سے برآمد کا سلسلہ رواں سال 10 اپریل سے جاری تھا جب کہ اس دوران افغانستان سے درآمدات کا سلسلہ بند تھا۔
وفاقی وزارتِ داخلہ کے اعلامیے سے قبل طورخم، چمن اور غلام خان گزرگاہوں پر تعینات دونوں ممالک کے اعلیٰ سول انتظامی اور سیکیورٹی عہدیداران کے مابین معاملات طے کرنے کے لیے مذاکرات ہوئے۔ جس میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
کرونا کا پھیلاؤ جاری، کیا دنیا پھر لاک ڈاؤن کی طرف جا رہی ہے؟
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں بدستور اضافہ ہو رہا ہے جب کہ وہ ممالک جہاں وبا کے پھیلاؤ میں کمی آنے یا معاشی مشکلات کے باعث لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی وہاں ایک مرتبہ پھر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔
نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جسٹن آرڈرن نے دو ہفتے قبل ہی کرونا وائرس کو شکست دینے کا دعویٰ کرتے ہوئے ہر قسم کی پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن ایک مرتبہ پھر وہاں یہ وبا پھیلنا شروع ہو گئی ہے۔
نیوزی لینڈ میں پیر کو مزید دو افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد وہاں وبا سے متاثرہ زیرِ علاج مریضوں کی تعداد نو ہو گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وائرس سے متاثر ہونے والے تمام افراد وہ ہیں جو حال ہی میں بیرونِ ملک سے وطن پہنچے ہیں جب کہ اُنہیں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ تاہم ملک میں ایک مرتبہ پھر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نیوزی لینڈ کے حکام نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ مقامی سطح پر وائرس کے پھیلاؤ کے شواہد نہیں ملے ہیں۔
دورۂ انگلینڈ پر جانے والے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی کرونا ٹیسٹنگ
دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کردہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے کرونا وائرس ٹیسٹ کر لیے گئے ہیں۔ کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کراچی، لاہور، راولپنڈی اور پشاور میں کیے گئے۔
شعیب ملک کا کرونا ٹیسٹ ابھی نہیں کیا گیا۔ وہ چوں کہ تاخیر سے انگلینڈ روانہ ہوں گے، لہٰذا ان کا ٹیسٹ بعد میں کیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کے نتائج کا باضابطہ اعلان کرے گا۔
بلوچستان میں کرونا وائرس سے نوجوان زیادہ متاثر
بلوچستان کی صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ کوئٹہ میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے شہریوں کی شرح میں بھی کمی آئی ہے۔
حکومت بلوچستان کے ترجمان نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں 30 سال کی عمر تک کے 2041 افراد کرونا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ 41 سے 50 سال کی عمر کے 1408 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔
لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ 61 سال سے زیادہ عمر کے افراد کے وائرس کا شکار ہونے کی شرح کم ہے لیکن اس عمر کے لوگوں کی اموات زیادہ ہوئی ہیں۔