نجی لیب سے کرایا گیا کرکٹر محمد حفیظ کا کرونا ٹیسٹ منفی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ نجی لیب سے کرایا گیا اُن کا کرونا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرائے گئے ٹیسٹ میں حفیظ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
محمد حفیظ کا کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرائے گئے کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹس پر سوالیہ نشان لگ گئے ہیں۔
اپنی ایک ٹوئٹ میں محمد حفیظ نے کہا کہ اُنہوں نے بدھ کو اہل خانہ کے ہمراہ نجی لیب سے کرونا ٹیسٹ کرایا جو منفی آیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا منگل کو محمد حفیظ سمیت مزید سات کرکٹرز کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ جب پی سی بی کی جانب سے کرایا گیا ٹیسٹ مثبت آیا تو اُنہیں کوئی علامات نہیں تھیں۔ لہذٰا اپنی تسلی کے لیے اُنہوں نے دوبارہ ٹیسٹ کرایا۔
کرونا وائرس ٹیسٹ کے متنازع نتائج
کرونا وائرس کی بروقت تشخیص اس کے شافی علاج کے لیے بہت اہم ہے۔ کئی مرتبہ وائرس جسم میں موجود نہ ہونے کے باوجود ٹیسٹ رزلٹ مثبت آتا ہے اور کبھی وائرس کی موجودگی کے باجود منفی۔ کرونا وائرس ٹیسٹ کا انحصار کن چیزوں پر ہوتا ہے اور پاکستان میں دستیاب کٹس کس حد تک موثر ہیں؟ دیکھیے گیتی آرا انیس کی رپورٹ
لاہور کے مزید علاقے ایک ہفتے کے لیے سیل کرنے کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے لاہور کے مزید کئی علاقے سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق لاہور میں گارڈن ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن اور والڈ سٹی ایریا کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں کرونا وائرس تیزی سے پھیلا ہے جس کے باعث ان کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ابتدائی طور پر ان علاقوں کو ایک ہفتے کے لیے سیل کیا جا رہا ہے۔
کرونا کی وجہ سے عالمی معیشت 4.9 فی صد سکٹر گئی: آئی ایم ایف
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ کرونا کی وجہ سے عالمی معیشت کو جتنا نقصان پہنچا اتنا کسی بحران نے نہیں پہنچایا۔
بدھ کو آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ آنے والے دو سالوں میں کرونا وبا کی وجہ سے دنیا کی معیشت کو 12 ٹریلین ڈالر کا نقصان ہو گا۔