وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید کرونا سے صحت یاب
پاکستان کے وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کرونا وائرس سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔ شیخ رشید کا کرونا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے جس کے بعد انہیں جمعرات کو ملٹری اسپتال راولپنڈی سے گھر منتقل کر دیا جائے گا۔
شیخ رشید نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ پوری قوم کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا خصوصاً مشکور ہوں وہ میرے علاج سے متعلق پوچھتے رہے۔
پاکستان: کرونا کیسز میں مسلسل پانچ دن کمی کے بعد پھر اضافہ
پاکستان میں جمعرات کو کرونا وائرس کے 4044 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ پانچ دنوں میں کیسز کی تعداد مسلسل کم ہو رہی تھی لیکن جمعرات کو نئے کیسز میں دوبارہ اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان میں 19 جون کو 6604 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد تعداد میں کمی آنا شروع ہوئی۔ بیس جون کو 4951، 21 جون کو 4471 اور 22 جون کو 3946 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
تئیس جون کو پاکستان میں 3892 کیسز سامنے آئے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ تعداد دوبارہ بڑھ کر 4044 تک پہنچ گئی ہے۔
واہگہ بارڈر تین روز کے لیے کھول دیا گیا
حکومت پاکستان نے بھارت کے ساتھ سرحدی راستے واہگہ بارڈر کو تین روز کے لیے کھول دیا ہے۔ واہگہ سرحد بھارتی شہریوں کی آمد و رفت کے لیے کھولی گئی ہے۔
محکمہ کسٹمز اور امیگریشن حکام کے مطابق واہگہ سرحد پاکستان میں موجود بھارتی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے کھولی گئی ہے جو 25 جون سے 27 جون تک کھلی رہے گی۔
حکام کے مطابق واہگہ سرحد بھارتی حکومت کی درخواست پر کھولی گئی ہے جسے تین دن بعد دوبارہ بند کر دیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق کرونا وائرس کی وبا سے قبل 700 سے زائد بھارتی شہری پاکستان آئے تھے جو سرحدیں بند ہونے کے باعث واپس نہیں جا سکے۔ یہ شہری مذہبی رسومات کی ادائیگی، سیر و سیاحت اور اپنے عزیز و اقارب سے ملنے کے لیے پاکستان آئے تھے۔
کسٹمز حکام کے مطابق بھارتی شہریوں کو تین مختلف گروپس میں کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد واپس بھارت بھیجا جا رہا ہے۔ کچھ افراد کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے کے بعد 25 جون کی صبح بھارت روانہ ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل بھارتی حکومت نے تین مرتبہ اپنی سرحد کو خصوصی طور پر کھولا تھا اور بھارت میں موجود پاکستانیوں کو وطن واپس بھیجا تھا۔ کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان واہگہ سرحد ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند ہے۔