پاکستان: کرونا کیسز میں مسلسل پانچ دن کمی کے بعد پھر اضافہ
پاکستان میں جمعرات کو کرونا وائرس کے 4044 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ پانچ دنوں میں کیسز کی تعداد مسلسل کم ہو رہی تھی لیکن جمعرات کو نئے کیسز میں دوبارہ اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان میں 19 جون کو 6604 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد تعداد میں کمی آنا شروع ہوئی۔ بیس جون کو 4951، 21 جون کو 4471 اور 22 جون کو 3946 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
تئیس جون کو پاکستان میں 3892 کیسز سامنے آئے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ تعداد دوبارہ بڑھ کر 4044 تک پہنچ گئی ہے۔
واہگہ بارڈر تین روز کے لیے کھول دیا گیا
حکومت پاکستان نے بھارت کے ساتھ سرحدی راستے واہگہ بارڈر کو تین روز کے لیے کھول دیا ہے۔ واہگہ سرحد بھارتی شہریوں کی آمد و رفت کے لیے کھولی گئی ہے۔
محکمہ کسٹمز اور امیگریشن حکام کے مطابق واہگہ سرحد پاکستان میں موجود بھارتی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے کھولی گئی ہے جو 25 جون سے 27 جون تک کھلی رہے گی۔
حکام کے مطابق واہگہ سرحد بھارتی حکومت کی درخواست پر کھولی گئی ہے جسے تین دن بعد دوبارہ بند کر دیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق کرونا وائرس کی وبا سے قبل 700 سے زائد بھارتی شہری پاکستان آئے تھے جو سرحدیں بند ہونے کے باعث واپس نہیں جا سکے۔ یہ شہری مذہبی رسومات کی ادائیگی، سیر و سیاحت اور اپنے عزیز و اقارب سے ملنے کے لیے پاکستان آئے تھے۔
کسٹمز حکام کے مطابق بھارتی شہریوں کو تین مختلف گروپس میں کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد واپس بھارت بھیجا جا رہا ہے۔ کچھ افراد کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے کے بعد 25 جون کی صبح بھارت روانہ ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل بھارتی حکومت نے تین مرتبہ اپنی سرحد کو خصوصی طور پر کھولا تھا اور بھارت میں موجود پاکستانیوں کو وطن واپس بھیجا تھا۔ کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان واہگہ سرحد ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند ہے۔
- By ضیاء الرحمن
لاہور کے سات علاقے سیل، پنجاب کے مزید 33 علاقے بند کرنے پر غور
پنجاب کی صوبائی حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت لاہور کے مزید سات علاقوں کو سیل کر دیا ہے جب کہ صوبے بھر میں مزید 33 مقامات کو سیل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ لاہور میں بدھ کی رات مزید سات علاقے بند کیے گئے ہیں جو 30 جون تک بند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں بازار بھی بند رہیں گے۔
جن علاقوں میں بدھ کی رات اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، ان میں گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، ڈی ایچ اے، گلشن راوی اور اندرون شہر کے علاقے شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ان سات علاقوں میں 40 ہاٹ اسپاٹس کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جس کے بعد شہر میں سیل کیے جانے والے ہاٹ اسپاٹس کی کُل تعداد 101 ہو گئی ہے۔
ان علاقوں میں 43 ایس ایچ اوز سمیت تین ہزار 546 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب چیف سیکریٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی سربراہی میں کرونا کی صورتِ حال اور لاک ڈاؤن سے متعلق ہونے والے اجلاس میں لاہور سمیت صوبے کے 33 مقامات کو سیل کرنے پر غور کیا گیا اور ان علاقوں میں کرونا وائرس کی صورتِ حال کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔
واضح رہے پنجاب میں کرونا کیسز کی تعداد 70 ہزار کے قرین پہنچ گئی ہے جب کہ صوبے میں اب تک 1516 افراد وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں۔