کرونا کے کیس آئندہ ہفتے ایک کروڑ تک پہنچ جائیں گے، عالمی ادارے کا انتباہ
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے اور آئندہ ہفتے دنیا بھر میں کیسز کی تعداد 93 لاکھ سے بڑھ کر ایک کروڑ تک پہنچ جائے گی۔
عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہینم نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ لاطینی امریکہ کے ملک وائرس کا نیا مرکز بن چکے ہیں جہاں اب تک ایک لاکھ سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔ ان میں سے 54 ہزار سے زائد اموات خطے کے صرف ایک ملک برازیل میں ہوئی ہیں۔
ڈبلیو ایچ اے کے ہنگامی حالات سے متعلق شعبے کے سربراہ ڈاکٹر مائیک ریان کا کہنا ہے کہ براعظم شمالی و جنوبی امریکہ میں وبا تاحال اپنے عروج پر نہیں پہنچی اور خاص طور پر وسطی اور جنوبی امریکہ کے ملکوں میں وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ لاطینی امریکہ کے کئی ملکوں میں گزشتہ ہفتے وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی شرح میں 25 سے 50 فی صد تک اضافہ دیکھا گیا۔
عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہینم نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے کیسز ایک کروڑ تک پہنچنے کا تخمینہ ہمارے لیے یاد دہانی ہے کہ ویکسین کی تیاری کے ساتھ ساتھ ہمیں وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور زندگیاں بچانے کی ذمہ داری بھی نبھانا ہو گی۔
نئی دہلی: کرونا کے مریضوں کی تلاش کے لیے گھر گھر سروے کیا جائے گا
بھارت نے اعلان کیا ہے کہ دارالحکومت نئی دہلی میں کرونا وائرس کے مریضوں تلاش کے لیے شہر کی پوری آبادی کا سروے کیا جائے گا۔
نئی دہلی کی آبادی دو کروڑ 90 لاکھ کے قریب ہے جہاں حکام لوگوں کے گھروں پر جا کر ہر شہری کی صحت سے متعلق تفصیلات جمع کریں گے اور جن شہریوں میں کرونا کی علامات ہوں گی، ان کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق نئی دہلی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ سروے چھ جولائی تک مکمل کر لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ دہلی بھارت میں کرونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر ہے جہاں 70 ہزار 390 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 16 ہزار 922 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو بھارت میں یومیہ کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ بھارت میں کرونا مریضوں کی مجموعی تعداد چار لاکھ 73 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جب کہ کل ہلاکتیں 14 ہزار 800 سے زائد ہیں۔
پاکستان میں شرح سود مزید ایک فی صد کم
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے ملک میں شرح سود مزید 100 بیسز پوائنٹس کم کر دی ہے۔ ایک فی صد کمی کے بعد ملک میں سود کی شرح سات فی صد پر آ گئی ہے۔
کرونا وائرس کے باعث گزشتہ چار ماہ کے دوران اسٹیٹ بینک نے پانچویں مرتبہ شرح سود میں کمی کی ہے۔ مارچ کے وسط میں پاکستان میں شرح سود 13 اعشاریہ 25 فی صد تھی جو اب کم ہو کر سات فی صد پر آ گئی ہے۔