بھارت میں ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ
بھارت میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد پانچ لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ جمعے کو ملک میں کرونا وائرس کے 17 ہزار 296 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو ایک دن میں سامنے آنے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
بھارت میں گزشتہ کئی روز سے ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ جمعے کو نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کرونا کے مریضوں کی کل تعداد چار لاکھ 90 ہزار 401 ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے 407 مزید اموات کے بعد ملک میں اس وبا کا شکار ہونے والوں کی ممجموعی تعداد 15 ہزار 301 ہو گئی ہے۔
مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیشِ نظر جہاں نئی دہلی میں گھر گھر سروے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے وہیں ریلوے کے آپریشنز مکمل بحال کرنے کا معاملہ مزید تعطل کا شکار ہو گیا ہے۔
بھارت میں 30 جون سے ٹرین سروس مکمل بحال ہونا تھی لیکن بھارتی ریلوے نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ 12 اگست تک آپریشنز مکمل بحال نہیں کیے جائیں گے۔
چین میں کرونا کے 13 نئے کیسز
چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 13 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو جمعرات کو رپورٹ ہونے والے کیسز سے کم ہیں۔
گزشتہہ ہفتے بیجنگ میں کرونا وائرس کے مریض رپورٹ ہونا شروع ہوئے تھے جن کی تعداد روز بروز بڑھ رہی تھی تاہم اب کیسز دوبارہ کم ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
جمعرات کو چین میں 19 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جب کہ جمعے کو صرف 13 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 11 کیسز بیجنگ میں پائے گئے ہیں۔
ملائیشیا میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ تدریسی عمل جاری
کیا پاکستان میں کرونا ٹیسٹ کم ہونے سے مریض کم ہو رہے ہیں؟
پاکستان میں حالیہ چند روز سے کرونا وائرس کیسز میں کمی دیکھی جا رہی ہی لیکن سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا ٹیسٹس بھی بتدریج کم ہو رہے ہیں۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے اختتام یعنی 19 جون کے بعد سے ملک میں کرونا وائرس کے کیسز میں بتدریج کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔ کرونا کے یومیہ کیسز جو 5 سے 6 ہزار رپورٹ ہورہے تھے اب ان کی تعداد ایک بار پھر اوسطاً 4 ہزار پر آ گئی ہے۔
یاد رہے کہ 26 فروری کو ملک میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد جون کے مہینے میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں اور مہینے کے پہلے تین ہفتوں میں کیسز کی تعداد ایک لاکھ 4 ہزار سے زائد ریکارڈ کی گئی تھی۔ 13 جون کو پاکستان میں ایک ہی روز میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے جن کی تعداد 6 ہزار 825 تھی۔
اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ 19 جون کو ملک بھر میں 6 ہزار 604کیسز ریکارڈ ہونے کے بعد 20 جون کو 4 ہزار 951، 21 جون کو 4 ہزار 471، 22جون کو 3 ہزار 946 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک میں 23 جون کو 3 ہزار 892 کیسز سامنے آئے اور 24 جون کو سامنے آنے والے اعدادو شمار کے مطابق ملک بھر میں کل 4 ہزار 44 کیسز سامنے آئے۔
بعض حلقوں کی جانب سے کیسز میں کمی کو حوصلہ افزا قرار دیا جارہا ہے تاہم ڈاکٹرز اور ان کی تنظیمیں اس ڈیٹا کو زیادہ قابل اعتماد قرار نہیں دے رہیں۔
طبی ماہرین کی دلیل یہ ہے کہ ملک میں 19 جون سے ایک جانب جہاں کیسز کی تعداد کم رپورٹ ہوئی ہے تو وہیں ملک بھر میں اس عرصے کے دوران کرونا کی تشخیص کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹس کی تعداد میں بھی خاطر خواہ کمی ہوئی ہے۔ یہ تعداد 31 ہزار سے کم ہوتی ہوتی 21 ہزار پر آ گئی ہے۔