دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ تک پہنچ گئی
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ تک پہنچ گئی ہے جب کہ وبا سے گزشتہ سات ماہ میں چار لاکھ 89 ہزارافراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق یہ تعداد سالانہ ریکارڈ کی جانے والی وبائی زکام جیسی بیماریوں سے کے برابر ہے۔
رپورٹس کے حوالے سے بتایا کہ ایک کروڑ متاثرہ افراد میں سے 25 فی صد امریکہ جب کہ 25 فی صد شمالی و لاطینی امریکہ اور 25 فی صد یورپ میں ہیں جب کہ متاثرہ افراد میں سے ایشیا میں 11 فی صد اور مشرق وسطیٰ میں 9 فی صد افراد ہیں۔
کرونا وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 97 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے جب کہ وبائی زکام سے بھی سالانہ اندازاََ اتنے ہی افراد ہلاک ہوتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق وبائی مرض اب ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ بھارت اور برازیل میں یومیہ 10 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ رہے ہیں جس کے سبب طبی شعبے پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔
چین، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک میں بڑے پیمانے پر وائرس کی مقامی طور پر منتقلی کو روکنے کے باوجود نئے کیسز سامنے آنے لگے ہیں۔
دوسری جانب چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہر روز کرونا وائرس کے 3 لاکھ ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس گزشتہ برس دسمبر میں چین کے شہر ووہان سے پھیلانا شروع ہوا تھا جس کے بعد شروع میں چین میں متاثرہ شہر اور صوبے میں لاک ڈاؤن کیا گیا جب کہ رواں برس مارچ سے دنیا بھر میں لاک ڈاؤن اور بندشوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد دو لاکھ سے متجاوز
پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 4072 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ دو ہزار 955 ہو گئی ہے۔
فرورری کے آخر میں پاکستان میں وائرس سے متاثر افراد کے کیسز سامنے آنا شروع ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر اسد عمر نے دو ہفتے قبل ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ شہریوں کی جانب سے حفاظتی تدابیر پر عمل نہ کیا گیا تو جولائی کے آخر تک پاکستان میں کیسز کی تعداد 10 سے 12 لاکھ تک ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز سے پاکستان میں کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہوا ہے۔ حکام کے مطابق پاکستان میں وبا کی بلند سطح پا پیک ٹائم جولائی کے وسط تک آئے گا۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ متاثر افراد سندھ میں 78 ہزار ہیں جب کہ پنجاب میں مصدقہ کیسز کی تعداد 74 ہزار ہے۔ حکام کے مطابق خیبر پختونخوا میں 25ہزار، اسلام آباد میں 12ہزار، بلوچستان میں 10ہزار، گلگت بلتستان میں 1400 جب کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک ہزار افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
پاکستان میں مزید 83 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 83 افراد کی موت ہوئی ہے۔
ملک بھر میں وبا سے اب تک 4118 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکام نے سب سے زیادہ 1673 افراد کے پنجاب میں ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
سندھ میں وائرس سے 1243 افراد کی موت ہوئی ہے جب کہ خیبر پختونخوا میں 914، اسلام میں 122، بلوچستان میں 114، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 28 اور گلگت بلتستان میں 24 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
لاہور کے شہری سمارٹ لاک ڈاؤن سے ناخوش
پاکستان کے 20 سے زائد شہروں کے مختلف علاقے اس وقت کرونا وائرس کے باعث بند ہیں۔ ان علاقوں کے رہائشی حکومت کی اس مشق سے خوش نہیں۔ لوگوں کو ان کے علاقوں تک محدود رکھنا پولیس اور انتظامیہ کے لیے بھی آسان نہیں ہے۔ لاہور سے ضیا الرحمٰن کی رپورٹ