کرونا ٹیسٹ کا تنازع، پاکستان کی کرکٹ ٹیم انگلینڈ روانہ
پاکستان کرکٹ ٹیم 20 کھلاڑیوں اور عملے کے 11 ارکان سمیت انگلینڈ کے دورے کے لیے اتوار کی صبح لاہور سے مانچسٹر روانہ ہو گئی ہے۔ پاکستانی ٹیم خصوصی طیارے کے ذریعے روانہ ہوئی ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔
یار رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچوں کی حتمی تاریخ اور مقامات کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔
قومی اسکواڈ 14 روز قرنطینہ میں گزارے گا تاہم انہیں پریکٹس اور ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔
انگلینڈ روانہ نہ ہونے والے کھلاڑیوں میں محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرائے گئے کرونا ٹیسٹ میں آل راؤنڈر محمد حفیظ کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا تاہم جب انہوں نے نجی لیب سے دوبارہ ٹیسٹ کرایا تو اس کی رپورٹ منفی آئی تھی۔ جس کے بعد انہوں نے ایک ٹوئٹ کیا اور پیغام دیا کہ ان کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ ٹوئٹ کے ساتھ ہی نیا تنازع کھڑا ہو گیا تھا۔
خیبر پختونخوا میں کرونا سے متاثرہ 60 فی صد افراد ٹائیفائیڈ کا بھی شکار
پاکستان ميں کرونا وائرس کی وبا پھيلنے کے بعد سرکاری اسپتالوں ميں شعبہ برائے بيرونی مریض یعنی او پی ڈیز کی سہولت معطل ہے۔ جس کے باعث ديگر موذی امراض کے پھيلنے ميں تيزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
ماہرين کے مطابق خیبر پختونخوا میں تیزی سے پھیلنے والی بيماريوں ميں سے ايک 'ٹائيفائيڈ' ہے جب کہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد میں سے 60 فی صد مریض ٹائیفائیڈ کا بھی شکار ہیں۔
ماہرین نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ مون سون کے بعد سندھ میں بھی ٹائیفائیڈ کے کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ٹائیفائیڈ کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
کرونا وائرس سے متعلق آگاہی کے لیے مسٹر بین بھی میدان میں آگئے
دنیا کو اپنی منفرد اداکاری سے ہنسانے والے مسٹر بین اب کرونا وائرس سے متعلق آگاہی دیں گے۔
عالمی ادارہ برائے صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کرونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر دنیا بھر میں عام کرنے کی غرض سے بچوں کے کارٹون مسٹر بین کی مدد لی ہے۔
ادارے نے اپنے آفیشنل یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں کرونا وائرس سے بچنے کے لیے کارٹون مسٹر بین کا سہارا لیا گیا ہے۔
ویڈیو میں مسٹر بین احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور صحت کے اصولوں پر عمل درآمد کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ اب تک ہزاروں افراد اس ویڈیو کو دیکھ چکے ہیں۔
دنیا بھر میں ہلاکتیں پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئیں
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اس وبا سے ایک کروڑ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
صحت کے عالمی ادارے کے سربراہ ٹیڈراس ایڈہانم گیبریسس نے اپنے ایک ٹوئٹ پیغام میں کہا ہے کہ یہ ایک سنجیدہ پیغام ہے کہ اگرچہ ہم ویکسین کی تیاری اور علاج میں بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ بدستور دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں متاثرین کی تعداد 25 لاکھ اور اموات سوا لاکھ سے بڑھ چکی ہیں۔
برازیل میں مریضوں کی تعداد 13 لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے۔ امریکہ کے بعد وہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ دوسرا متاثرہ ملک ہے۔
جنوبی ایشیا میں بھارت اور پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے بھارت اس وقت عالمی فہرست میں چوتھے درجے پر ہے جب کہ پاکستان بارہواں متاثرہ ملک بن گیا ہے۔