پاکستان میں مزید 49 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 49 مریض چل بسے جس کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 4167 تک پہنچ گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں وائرس کے شکار 2437 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پاکستان میں کرونا ٹیسٹ کی تعداد بتدریج کم ہوتی جا رہی ہے اور اس طرح نئے کیسز کی تعداد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔
ملک بھر میں اب تک دو لاکھ چھ ہزار 510 افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جن میں سے 95 ہزار 407 صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
چین میں مزید 12 افراد میں وائرس کی تشخیص
چین میں مزید 12 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ دارالحکومت بیجنگ میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسے وبا کی دوسری لہر قرار دیا جا رہا ہے۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق اتوار کی شام تک سامنے آنے والے مصدقہ کیسز میں سے پانچ وہ ہیں جو حال ہی میں بیرونِ ملک سے چین آئے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر پھیلنے والے سات کیسز دارالحکومت بیجنگ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ گیارہ جون کے بعد سے اب بیجنگ میں مجموعی طور پر 311 افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔
بیجنگ کے قریبی علاقوں میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ دارالحکومت سے 100 میل دور واقع اینسن کاؤنٹی نے بعض رہائی عمارتوں اور دیہات کو سیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان سے متحدہ عرب امارات آنے والی پروازوں پر پابندی
متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے آنے والی ہر قسم کی پرواز پر پابندی عائد کر دی ہے۔
عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سے آنے والی پروازوں پر پابندی احتیاطی تدابیر کے پیشِ نظر لگائی گئی ہے تاکہ متحدہ عرب امارات آنے والے افراد کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فیصلے سے متاثر ہونے والے مسافر اپنی ایئر لائنز سے متبادل فلائٹس کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔
بھارت میں 19 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ
بھارت میں پیر کو کرونا وائرس کے 19 ہزار 459 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ مسلسل چھٹا دن ہے جب بھارت میں یومیہ 15 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں 380 افراد کرونا وائرس سے چل بسے جس کے بعد ملک میں کرونا سے ہونے والی کُل اموات 16 ہزار 475 ہو گئی ہیں۔ بھارت میں کووڈ 19 کے مریضوں کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 48 ہزار 318 تک پہنچ گئی ہے جس کے باعث بھارت کرونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔
بھارت میں تین لاکھ 21 ہزار سے زائد افراد کرونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ دو لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد اب بھی بیمار ہیں۔
کرونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کو روکنے کے لیے بھارت کی کچھ ریاستوں میں جزوی یا مکمل لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ ریاست آسام کے کچھ علاقوں میں 12 جولائی تک مکمل لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جب کہ مغربی بنگال نے لاک ڈاؤن میں توسیع کرتے ہوئے 31 جولائی تک بڑھا دیا ہے۔
لیکن دوسری جانب ممبئی اور دہلی جیسے بڑے شہروں پابندیاں نرم کی گئی ہیں۔ ریستوران، شاپنگ مالز اور پارکس کھول دیے گئے ہیں جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں پر رواں دواں ہے۔