رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

16:10 29.6.2020

افغانستان میں کرونا کے کیسز 31 ہزار 200 سے زائد، اموات 733 ہو گئیں

فائل فوٹو
فائل فوٹو

افغانستان کی وزارتِ صحت نے رپورٹ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس 271 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 31 ہزار 238 ہو گئی ہے۔

وزارتِ صحت کے مطابق کرونا وائرس سے افغانستان میں ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 733 تک پہنچ گئی ہے۔

البتہ ماہرین صحت یہ اندیشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ افغانستان میں کرونا کے مریضوں کی تعداد سامنے آنے والے کیسز سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔​

افغان وزارتِ صحت کے ایک ترجمان اکمل سامسور کے اندازے کے مطابق ملک میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 15 لاکھ ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی بیمار افراد کو ہی اسپتالوں میں لایا جاتا ہے اور حکومت کے اعداد و شمار مریضوں کے اندراج پر مبنی ہوتے ہیں۔

16:30 29.6.2020

کرونا کیسز میں اضافہ، امریکہ اور بھارت میں دوبارہ پابندیاں عائد کرنے پر غور

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت اور امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے باعث حکام لاک ڈاؤن کی پابندیاں دوبارہ عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

بھارتی ریاست آسام کے کچھ حصوں میں 12 جولائی تک کے لیے دوبارہ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جب کہ ریاست مغربی بنگال نے لاک ڈاؤن میں جولائی کے آخر تک توسیع کر دی ہے۔

امریکہ کی ریاستوں فلوریڈا، ٹیکساس، کیلی فورنیا اور ایریزونا میں بھی کرونا وائرس کا پھیلاؤ تیز ہو رہا ہے جس کے بعد فلوریڈا کے گورنر ران ڈی سینٹیز نے اعلان کیا ہے کہ وہ ریاست کے ساحلوں کو دوبارہ بند کر رہے ہیں۔

انہوں نے ساحلوں پر آنے والے نوجوانوں کو کرونا کے کیسز میں اضافے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندیوں پر عمل نہیں کر رہے۔ ریاستی حکام نے شراب خانوں میں شراب پینے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ گورنر سینٹیز کا کہنا ہے کہ وہاں بھی ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایات پر عمل نہیں کیا جا رہا۔

ٹیکساس اور کیلی فورنیا کے گورنروں نے بھی بہت سے شراب خانے بند کر دیے ہیں۔ ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران خطرناک صورت اختیار کر لی ہے۔

کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے سات کاؤنٹیوں میں شراب خانے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مزید آٹھ کاؤنٹیوں کے حکام کو کہا ہے کہ وہ بھی اپنے علاقوں میں شراب خانے بند کر دیں۔

ریاست واشنگٹن کے گورنر جے اِنسلی نے کاروبار کھولنے کے چوتھے مرحلے کو معطل کر دیا ہے۔ ریاست میں گزشتہ ہفتے کے دوران 3,180 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ امریکہ بھر میں مسلسل چھٹے روز 35 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

16:50 29.6.2020

خیبر پختونخوا میں تدریس سے منسلک جاپان کے ماہر تعلیم کا کرونا سے انتقال

خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں 'غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز' میں تدریس کے فرائض سر انجام دینے والے جاپان کے پروفیسر توشیوا فوجیتا کرونا وائرس سے جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

توشیوا فوجیتا گزشتہ کئی سالوں سے غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ میں اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ اسلام آباد میں جاپان کے ایک سفارت کار نے پروفیسر توشیوا فوجیتا کے کرونا وائرس سے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

17:22 29.6.2020

قطر میں کرونا کے کیسز 95 ہزار سے زائد، 80 ہزار صحت یاب

قطر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 693 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کا شکار مریضوں کی کل تعداد 95 ہزار 106 ہو گئی ہے۔ البتہ ان میں سے 80 ہزار سے زائد لوگ بیماری کو شکست دے کر صحت یاب ہو چکے ہیں۔

قطر میں گزشتہ روز تین اموات کے بعد کرونا سے ملک بھر میں ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 113 ہو گئی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG