کرونا کیسز میں اضافہ، امریکہ اور بھارت میں دوبارہ پابندیاں عائد کرنے پر غور
بھارت اور امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے باعث حکام لاک ڈاؤن کی پابندیاں دوبارہ عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
بھارتی ریاست آسام کے کچھ حصوں میں 12 جولائی تک کے لیے دوبارہ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جب کہ ریاست مغربی بنگال نے لاک ڈاؤن میں جولائی کے آخر تک توسیع کر دی ہے۔
امریکہ کی ریاستوں فلوریڈا، ٹیکساس، کیلی فورنیا اور ایریزونا میں بھی کرونا وائرس کا پھیلاؤ تیز ہو رہا ہے جس کے بعد فلوریڈا کے گورنر ران ڈی سینٹیز نے اعلان کیا ہے کہ وہ ریاست کے ساحلوں کو دوبارہ بند کر رہے ہیں۔
انہوں نے ساحلوں پر آنے والے نوجوانوں کو کرونا کے کیسز میں اضافے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندیوں پر عمل نہیں کر رہے۔ ریاستی حکام نے شراب خانوں میں شراب پینے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ گورنر سینٹیز کا کہنا ہے کہ وہاں بھی ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایات پر عمل نہیں کیا جا رہا۔
ٹیکساس اور کیلی فورنیا کے گورنروں نے بھی بہت سے شراب خانے بند کر دیے ہیں۔ ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران خطرناک صورت اختیار کر لی ہے۔
کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے سات کاؤنٹیوں میں شراب خانے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مزید آٹھ کاؤنٹیوں کے حکام کو کہا ہے کہ وہ بھی اپنے علاقوں میں شراب خانے بند کر دیں۔
ریاست واشنگٹن کے گورنر جے اِنسلی نے کاروبار کھولنے کے چوتھے مرحلے کو معطل کر دیا ہے۔ ریاست میں گزشتہ ہفتے کے دوران 3,180 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ امریکہ بھر میں مسلسل چھٹے روز 35 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں تدریس سے منسلک جاپان کے ماہر تعلیم کا کرونا سے انتقال
خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں 'غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز' میں تدریس کے فرائض سر انجام دینے والے جاپان کے پروفیسر توشیوا فوجیتا کرونا وائرس سے جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
توشیوا فوجیتا گزشتہ کئی سالوں سے غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ میں اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ اسلام آباد میں جاپان کے ایک سفارت کار نے پروفیسر توشیوا فوجیتا کے کرونا وائرس سے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
قطر میں کرونا کے کیسز 95 ہزار سے زائد، 80 ہزار صحت یاب
قطر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 693 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کا شکار مریضوں کی کل تعداد 95 ہزار 106 ہو گئی ہے۔ البتہ ان میں سے 80 ہزار سے زائد لوگ بیماری کو شکست دے کر صحت یاب ہو چکے ہیں۔
قطر میں گزشتہ روز تین اموات کے بعد کرونا سے ملک بھر میں ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 113 ہو گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات: سرکاری ملازمین کے دفاتر پانچ جولائی سے کھلیں گے
متحدہ عرب امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے نے رپورٹ کیا ہے کہ وفاقی حکومت کے ملازمین کے دفاتر پانچ جولائی سے کھل جائیں گے جس کے بعد سرکاری ملازمین اپنے اپنے کاموں پر لوٹ سکیں گے۔
دفاتر میں سماجی فاصلے کی ہدایت پر عمل کیا جائے گا اور کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی جائیں گی۔