روس میں گزشتہ دو ماہ کے کم ترین یومیہ کیسز
روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6719 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ایک دن میں سامنے آنے والے کیسز کی کم ترین تعداد ہے۔
روس میں گزشتہ دو ماہ سے یومیہ سات ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے تھے جس کے بعد گزشتہ ہفتے پہلی مرتبہ سات ہزار سے کم کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ یہ تعداد پیر کو مزید گر کر 6719 پر آ گئی ہے۔
روس کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں چھ لاکھ سے زائد مریض سامنے آ چکے ہیں۔ پیر کو 93 اموات کے بعد ملک میں کرونا سے مرنے والوں کی کل تعداد 9166 ہو گئی ہے۔
تھائی لینڈ میں گزشتہ 35 دن سے مقامی منتقلی کا کوئی کیس نہیں
تھائی لینڈ میں کرونا وائرس کی وبا کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ ملک میں گزشتہ 35 روز سے کرونا وائرس کا کوئی ایسا مریض رپورٹ نہیں ہوا جس میں وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا ہو۔
پیر کو تھائی لینڈ میں کرونا کے سات نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو تمام بیرونِ ملک سے تھائی لینڈ آئے تھے۔
فلسطین: سوشل ڈسٹینسنگ کے ساتھ قرآن کی تعلیم
پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں کرونا وائرس متاثرین ایک ہزار سے بڑھ گئے
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 16 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد وبا کا شکار ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہو گئی ہے، جب کہ مزید 19 افراد اس مرض سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اب تک 15878 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے، جن میں سے 15826 کے رزلٹ آ چکے ہیں اور 1065 افراد میں کرونا وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے جن میں سے539 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور انہیں اسپتالوں سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 498 مریض ابھی زیر علاج ہیں اور 28 مریضوں کی اموات ہو چکی ہیں، جن میں سے 13 کا تعلق مظفرآباد، دو کا راولاکوٹ، چار کا باغ، دو کا تعلق سدھنوتی ،چار کا میرپور اور تین کا تعلعق بھمبر سے تھا۔