امریکہ: قومی باسکٹ بال سیزن کا آئندہ ماہ آغاز، دو اہم کھلاڑی وائرس سے متاثر
امریکہ میں قومی باسکٹ بال کا سیزن آئندہ ماہ شروع ہونے والا ہے۔ تاہم دو اہم کھلاڑی ڈی آندرے جورڈن اور اسپینسر ڈِن ویڈی وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ دونوں کھلاڑی سیزن کے ابتدائی میچوں میں کھیل نہیں پائیں گے۔
قومی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے کمشنر ایڈم سلور نے ایک بیان میں کہا تھا کہ این بی اے کے 302 کھلاڑیوں میں سے 16 کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
فلوریڈا امریکہ کی ان درجن بھر ریاستوں میں شامل ہے جہاں کرونا وائرس کے کیسز میں ڈرامائی انداز میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
امریکہ میں وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 25 لاکھ تک پہنچ چکی ہے جب کہ حکام نے 126000 اموات کی تصدیق کی ہے۔
امریکہ کی بہت سی ریاستوں میں لاک ڈاؤن میں عائد پابندیاں اٹھانے کے اقدامات پر نظر ثانی کی جا رہی ہے ۔ممکنہ طور پر ساحلی تفریح گاہوں، شراب خانوں اور ریستورانوں پر پابندیاں دوبارہ نافذ کر دی جائیں گی۔
پنجاب میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے توسیعی نوٹی فکیشن جاری
حکومتِ پنجاب نے صوبے میں لاک ڈاؤن سے متعلق توسیعی نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریسٹورنٹ، پارک اور سنیما ہال بدستور بند رہیں گے۔ سماجی و مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کے لیے اکٹھ کی اجازت نہیں ہو گی۔
تمام کاروباری مقامات صبح 9 سے شام 7 بجے تک، سوموار تا جمعہ کھلے رہیں گے۔ میڈیکل اسٹورز، پنکچر شاپ، آٹا چکی تندور، زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہو گی۔
کال سینٹرز کو 50 فی صد اسٹاف کے ساتھ کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔ بین الاضلاع ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چلانے کی اجازت ہو گی۔ گروسری اور کریانہ اسٹور صبح 9 سے شام 7 تک، ہفتہ بھر کھلے رہیں گے۔ تمام چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کے لیے کھلے رہیں گے۔
نوٹی فکیشن کا اطلاق فی الفور ہو گا اور یہ 15جولائی تک نافذ العمل رہے گا۔
بلوچستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں 20 فی صد کمی کا دعویٰ
بلوچستان میں کرونا وائرس کے کیسز کے حوالے سے صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ سامنے آنے والے کیسز میں 20 فی صد کمی ہوئی ہے۔
بلوچستان کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 115 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10376 ہوگئی ہے جب کہ حکام نے وائرس سے اب تک 116 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وائرس سے متاثر ہونے والے 3939 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق گزشتہ تین دن میں کرونا وائرس کے کیسز کے پھیلاؤ کی شرح کم ہو کر 20 فی صد پر آ گئی ہے۔ جو خوش آئند ہے۔
دوسری جانب بلوچستان میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے 30 روز آج مکمل ہو رہے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صوبائی حکومت اسمارٹ لاک ڈاﺅن کی مدت میں مزید اضافہ کرے گی۔
اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران شاپنگ سینٹرز اور دکانیں ہفتے میں 6 دن کھلی رہتی ہیں۔ صرف جمعے کے روز تمام کاروباری مراکز، مارکیٹس اور شاپنگ سینٹرز بند رکھنے کا حکم ہے۔
پاکستان میں کرونا سے مزید 91 اموات
پاکستان میں کرونا وائرس کے شکار مزید 91 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 4395 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 22 ہزار 418 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4133 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب تک ملک بھر میں دو لاکھ 13 ہزار 470 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے ایک لاکھ 802 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔