کرونا کی وبا کب جان چھوڑے گی؟ منزل ابھی دور ہے، ماہرین کا انتباہ
کرونا وائرس کی عالمی وبا نے اب تک پانچ لاکھ سے زیادہ لوگوں کی جانیں لے لی ہیں۔ اس بیماری میں مبتلا افراد کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہو چکی ہے۔
اس پس منظر میں مختلف ملکوں کے عہدیدار پس و پیش کا شکار نظر آتے ہیں کہ کرونا وائرس کی وجہ سے لگائی جانے والی بندشوں میں آخر کتنی نرمی کی جائے۔
بہت سے ملکوں میں جہاں نرمی کی گئی ہے وہاں یہ دیکھنے میں آیا کہ انفیکشن کے کیسز میں اضافہ ہوا۔ امریکہ کو ہی دیکھا جائے تو یہ بات سامنے آئی کہ تیس سے زیادہ ریاستوں میں جب بندش کو نرم کرنے کے اقدامات کئے گئے تو وہاں کرونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔
اس پس منظر میں واشنگٹن ڈی سی سے متصل انتہائی نگہداشت کے ایک یونٹ سے منسلک اگلے محاذ پر کام کرنے والے طبی عملے کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کا اختتام ابھی دور کی بات ہے۔
وائس آف امریکہ کی نگامہ نگار مریامہ دیالو نے اپنی رپورٹ میں میری لینڈ کے اسپتال فورٹ واشنگٹن میڈیکل سنٹر کا احوال بیان کیا ہے جو وائرس کے حملے کے ابتدائی دنوں سے ہی ایک مرکز کی شکل اختیار کرگیا تھا۔
ٹوکیو ڈزنی لینڈ کی رونقیں چار ماہ بعد بحال
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں قائم ڈزنی لینڈ یکم جولائی کو چار ماہ بعد لوگوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ یہ تفریحی مقام کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد فروری کے اواخر میں بند کیا گیا تھا۔ ڈزنی لینڈ جانے والوں کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔
روس میں 6556 نئے کیسز رپورٹ
روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 6556 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں کووڈ 19 کا شکار مریضوں کی کل تعداد چھ لاکھ 54 ہزار 405 ہو گئی ہے۔
منگل کو روس میں کرونا سے 216 افراد کی موت ہوئی جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد نو ہزار 536 تک پہنچ گئی ہے۔
پنجاب میں کرونا کے پانچ لاکھ سے زائد ٹیسٹ، 27 ہزار مریض صحت یاب
پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے ادارۂ صحت 'پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر' کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں اب تک پانچ لاکھ ایک ہزار 509 کرونا ٹیسٹس کیے گئے ہیں جس کے بعد 76 ہزار 262 افراد میں 'کووڈ 19' کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق پنجاب میں کرونا سے صحت یاب مریضوں کی کل تعداد 27 ہزار 488 ہے جب کہ 1762 افراد اس وبا سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔