بھارت میں کیسز کی تعداد چھ لاکھ سے تجاوز کر گئی
بھارت میں کرونا وائرس سے متاثروں افراد کی تعداد چھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس وبا سے بھارت میں اب تک 17 ہزار 934 مریض ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
بھارت کی وزارتِ صحت نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ ملک بھر میں مزید 19 ہزار 148 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی کل تعداد چھ لاکھ چار ہزار 641 تک پہنچ گئی ہے۔
بھارت میں وبا سے متاثرہ علاقوں میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے تاہم پیر سے بعض علاقوں میں لاک ڈاؤن کے دوسرے مرحلے 'بلاک ٹو' کا اعلان کیا گیا تھا جس کے تحت مزید کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے۔
کرونا ایکسپورٹ کرنے کا تاثر درست نہیں: معید یوسف
وزیرِ اعظم پاکستان کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں کہ پاکستان دنیا میں کرونا ایکسپورٹ کر رہا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے معید یوسف نے کہا کہ بغیر ٹیسٹ کرائے پاکستانی شہری بیرونِ ملک سفر نہ کریں۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان سے باہر جانے والے مسافروں کی اسکریننگ بھی لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ پوری کوشش ہے کہ پاکستان سے کوئی بھی کرونا کا مریض باہر نہ جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ تین ماہ کے دوران کرونا سے بچاؤ کے لیے خصوصی انتظامات کیے۔
معید یوسف نے کہا کہ خلیجی ممالک کے لیے پی آئی اے کی پروازیں جاری رہیں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ کرونا وبا ختم نہیں ہوئی لہذٰا صرف وہی لوگ بیرون ملک سفر کریں جنہیں سفر کی ضرورت ہے۔ سیرو تفریح کے لیے سفر سے گریز کیا جائے۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ
دنیا کے مختلف ملکوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے دو لاکھ 18 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ عالمی وبا کے آغاز سے اب تک ایک دن میں سامنے آنے والے کیسز کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافے کے بعد عالمی وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ سات لاکھ چار ہزار 228 ہو گئی ہے جب کہ اموات پانچ لاکھ 16 ہزار سے زائد ہیں۔
دنیا بھر میں 'کووڈ 19' کا شکار ہونے والے 54 لاکھ 89 ہزار سے زائد افراد اس وبا کو شکست دے کر صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کرونا وائرس: امریکہ میں یومِ آزادی کی تقریبات متاثر ہونے کا خدشہ
امریکہ میں ہر سال چار جولائی کو یومِ آزادی بڑے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے اور اس سلسلے میں مختلف تقریبات منعقد کی جاتی ہیں لیکن اس سال یومِ آزادی کی تقریبات کرونا وائرس کی نذر ہونے کا خدشہ ہے۔
امریکہ میں چار جولائی کو عام تعطیل ہوتی ہے اور مختلف شہروں میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے لیکن رواں سال کرونا وائرس کے باعث بیشتر روایتی پریڈز، آتش بازی اور دیگر تقریبات یا تو منسوخ کر دی گئی ہیں یا پھر اس میں عوام کی شرکت روکنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
امریکی شہر بوسٹن، لاس اینجلس، شکاگو اور کئی دیگر بڑے شہروں میں یومِ آزادی کے موقع پر ہونے والی آتش بازی منسوخ کر دی گئی ہے۔
ریاست نیو یارک میں مختلف مقامات پر آتش بازی کی جائے گی لیکن عوام کو ان مقامات سے دور رکھنے کے لیے یہ واضح نہیں کیا جا رہا کہ آتش بازی کب اور کہاں ہو گی؟