امریکہ میں انتخابی مہم کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال
کرونا وائرس نے نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی الیکشن کی انتخابی مہم کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ صدر ٹرمپ اور جو بائیڈن دونوں فنڈ ریزنگ کے روایتی طریقے نہیں اپنا سکے۔ انہیں اپنے ووٹرز سے رابطے کے لیے ٹیکنالوجی پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔
ترکی میں کرونا وائرس سے اموات کی شرح کم
یورپی ملکوں کے مقابلے میں ترکی میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد کافی کم ہے۔ لیکن طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر حفاظتی تدابیر کا خیال نہ رکھا گیا تو اس تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
برازیل میں مزید 37 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ
برازیل میں کرونا وائرس سے متاثرہ مزید 37 ہزار 923 مریض سامنے آگئے ہیں۔ جب کہ ملک بھر میں وبائی مرض سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 64 ہزار 265 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق ملک میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 90 اموات ہوچکی ہیں۔
برازیل میں وبائی مرض کے آغاز سے اب تک 15 لاکھ 77ہزار کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
جرمنی میں کیسز کی تعداد دو لاکھ تک پہنچ گئی، 58 لاکھ افراد کے ٹیسٹ
جرمنی میں کرونا وائرس کے تصدیق کے لیے تیزی سے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اب تک 58 لاکھ 73 ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 239 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ملک میں کرونا وائرس کےمتاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 96 ہزار 335 تک پہنچ چکی ہے۔
جرمنی کے ادارے رابرٹ کوچ انسٹیٹیوٹ کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق جرمنی میں وبائی مرض سے اب تک 9012 اموات ہوچکی ہیں۔