آسٹریلیا کی دو ریاستوں کے درمیان 100 سال بعد سرحد کی بندش کا فیصلہ
آسٹریلیا میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر گنجان آباد دو ریاستوں کے درمیان سرحد کو 100 سال بعد بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ریاست وکٹوریا اور نیو ساوتھ ویلز کے درمیان منگل سے سرحد کو بند کر دیا جائے گا تا کہ وبا کی روک تھام کے لیے شہرویوں کی آمد و رفت کو روکا جا سکے۔
آسٹریلیا میں 1919 میں اسپینش فلو کے بعد دونوں ریاستوں کے درمیان سرحد کو بند کیا گیا تھا اور اب ایک مرتبہ پھر ایسا کیا جا رہا ہے۔
حالیہ چند روز کے دوران ریاست وکٹوریا کے دارالحکومت میلبورن میں کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس کے بعد شہر کے 30 مقامات اور نو رہائشی عمارتیں میں لاک ڈاؤن کیا گیا تھا۔
میلبورن میں اتوار کی شب مزید 127 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جو ایک روز کے دوران کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
میلبورن میں ایک مریض بھی ہلاک ہوا ہے۔ دو ہفتوں سے زائد عرصے میں آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے یہ پہلی ہلاکت ہے جب کہ اس وبا سے آسٹریلیا میں اموات کی کل تعداد 105 ہو چکی ہے۔
پاکستان میں مزید 50 اموات
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 50 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 4762 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں مزید 3344 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس طرح پاکستان میں کیسز کی تعداد دو لاکھ 31 ہزار 812 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے ایک لاکھ 31 ہزار 649 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
حکام کے مطابق کرونا وائرس کے شکار 2406 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
وائرس کے پیشِ نظر عازمین حج کے لیے حکم نامہ جاری
سعودی عرب نے ایامِ حج کے دوران کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے پیشِ نظر عازمینِ حج کے لیے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق حج کے دوران عازمین کے اجتماع اور ملاقاتوں پر پابندی ہو گی۔
انیس جولائی سے شروع ہونے والے حج کے لیے سعودی عرب کے سینٹر فار ڈیزیز پریونشن اینڈ کنٹرول سی ڈی سی نے پیر کو ایک ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق عازمین کعبہ کو ہاتھ نہیں لگا سکیں گے اور حجرِ اسود کو چھونے پر بھی پابندی ہو گی جب کہ عازمین پر لازم ہو گا کہ وہ ایک دوسرے کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ رکھیں۔
کینیڈین اداکار نِک کورڈیرو کرونا وائرس سے ہلاک
امریکی شہر نیو یارک کے معروف ‘براڈوے تھیٹر’ میں مشکل ترین کرداروں کی وجہ سے شہرت پانے والے اداکار نِک کورڈیرو کرونا وائرس کے سبب اتوار کو انتقال کر گئے ہیں۔
اکتالیس سالہ نِک کورڈیرو کا انتقال امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ہوا۔
کورڈیرو کی اہلیہ امانڈا کلوٹس کے مطابق نِک کرونا وائرس کی وجہ سے 90 دنوں تک اسپتال میں زیرِ علاج رہے۔
نک کورڈیرو 2014 میں 'ٹونی ایوارڈ' کے لیے نامزد ہوئے تھے۔ انہوں نے 'بلٹس اوور براڈوے' میں جان دار اداکاری کی بدولت شہرت حاصل کی تھی۔