پاکستان میں مزید 77 اموات
پاکستان میں کرونا وائرس کے شکار مزید 77 مریض دم توڑ گئے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2691 افراد میں وائرس کی بھی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کرونا وبا سے اب تک ملک بھر میں 4839 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 2306 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد دو لاکھ 34 ہزار 509 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے ایک لاکھ 34 ہزار 957 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 24 ہزار 577 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور اب تک 14 لاکھ 45 ہزار 153 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
آسٹریلیا: سرحد کی بندش کر عمل درآمد کے لیے فوج تعینات
آسٹریلیا نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے گنجان آباد دو ریاستوں کے درمیان سرحد کی بندش پر عمل درآمد کے لیے فوج کو تعینات کر دیا ہے۔
ریاست وکٹوریا اور نیو ساوتھ ویلز کے درمیان سرحد منگل کی شب بند کر دی جائے گی۔ دونوں ریاستوں کے درمیان یہ سرحد 100 برس بعد بند ہونے جا رہی ہے۔
اس سے قبل 1919 میں اسپینش فلو کی وبا کے پھیلاو کے باعث یہ سرحد بند کی گئی تھی۔
ریاست وکٹوریا میں کرونا وائرس تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے جسے روکنے کے لیے نیو ساوتھ ویلز کے ساتھ سرحد کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
دونوں ریاستوں کو ملانے والی 55 سڑکوں سے بغیر اجازت گزرنے والے افراد کو گیارہ ہزار آسٹریلوی ڈالرز جرمانہ اور چھ ماہ تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
بیجنگ میں کرونا وائرس کی احتیاط کے ساتھ کالج میں داخلے کا امتحان
بھارت میں اموات کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 20 لاکھ 159 تک پہنچ گئی ہے۔
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 22 ہزار 252 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد بھارت میں کیسز کی تعداد ساتھ لاکھ 19 ہزار 665 تک پہنچ گئی ہے۔
کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں کی فہرست میں بھارت تیسرے نمبر پر ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں ایکٹو کیسز کی تعداد دو لاکھ 59 ہزار 557 ہے جب کہ چار لاکھ 39 ہزار 948 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔