رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

18:28 9.7.2020

افغانستان میں کرونا کے مزید 314 کیس رپورٹ

افغانستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 33908 ہو گئی ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 314 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ۔ وزارتِ صحت کے اعداوشمار کے مطابق اب تک وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 957 ہے۔

افغان وزارتِ صحت کے نگران وزیر ڈاکٹر احمد جاوید عثمانی نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ گزشتہ دو ماہ کے مقابلے میں اس وقت صورتِ حال بہتر ہے۔ دو ماہ پہلے افغانستان میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 70 فی صد تھی جو اب 40 فی صد پر آچکی ہے۔ لیکن انہوں نے یہ کہا کہ ابھی بھی انفیکشن کا خطرہ بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی کے معاملے کو حل کرنے کی بات بھی کی۔ اس سے پہلے کرونا کے مریضوں کے عزیز واقارب نے دعوے کئے تھے کہ کابل کے اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے اموات ہوئیں۔

18:36 9.7.2020

خیبرپختونخوا میں کرونا مریضوں کے لیے مختص اسپتال کا افتتاح

وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے جمعرات کو پشاور میں صوبے کے پہلے کرونا اسپتال کا افتتاح کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ اسپتال ابتداً 60 بستروں پر مشتمل ہے جب کہ ایک ماہ بعد اس تعداد کو 110 تک بڑھایا جائے گا۔

حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ اسپتال ملک میں کرونا مریضوں کے لیے مختص اپنی نوعیت کا پہلا اسپتال ہے اور یہ بین الاقوامی ایس او پیز اور گائیڈ لائنز کے مطابق قائم کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال میں کرونا مریضوں کے لیے ہر طرح کی سہولیات موجود ہیں۔

اسپتال میں آئسولیشن وارڈ، وینٹی لیٹرز سمیت دیگر سہولیات بھی موجود ہیں۔

وزیر اعلٰی کا کہنا ہے کہ اسپتال کے قیام سے پشاور کے ٹیچنگ اسپتالوں پر کرونا مریضوں کا دباؤ کم ہو گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کے تعاون سے پشاور میں 210 بستروں پر مشتمل ایک اور اسپتال قائم کیا جا رہا ہے۔

10:01 10.7.2020

امریکہ میں یومیہ کیسز کا نیا ریکارڈ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں جمعرات کو کرونا وائرس کے 63 ہزار 200 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک روز کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز کا نیا ریکارڈ ہے۔

امریکہ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران وبا تیزی سے پھیلی ہے جس نے 50 میں سے 41 ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جہاں نئے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

صرف ریاست فلوریڈا میں جمعرات کو تقریباً نو ہزار کیسز اور وبا سے 120 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ گورنر رون ڈی سینٹس نے کرونا کیسز میں اضافے کو تشویش ناک قرار دیا ہے اور شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ خوف زدہ نہ ہوں۔

امریکہ کی گنجان آباد ریاستوں کیلی فورنیا اور ٹیکساس نے بدھ کو اعلان کیا تھا کہ ریاستوں میں کرونا سے اموات کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

10:07 10.7.2020

پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کر گئی

پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے شکار مزید 75 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں وبا سے مرنے والوں کی تعداد پانچ ہزار 58 ہو گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں مزید 2751 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس طرح ملک بھر میں کیسز کی تعداد دو لاکھ 43 ہزار 594 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے ایک لاکھ 49 ہزار 92 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان کے صوبے سندھ میں سب سے زیادہ ایک لاکھ 900 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد دوسرے نمبر پر پنجاب ہے جہاں 85 ہزار 261 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG