رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

18:36 9.7.2020

خیبرپختونخوا میں کرونا مریضوں کے لیے مختص اسپتال کا افتتاح

وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے جمعرات کو پشاور میں صوبے کے پہلے کرونا اسپتال کا افتتاح کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ اسپتال ابتداً 60 بستروں پر مشتمل ہے جب کہ ایک ماہ بعد اس تعداد کو 110 تک بڑھایا جائے گا۔

حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ اسپتال ملک میں کرونا مریضوں کے لیے مختص اپنی نوعیت کا پہلا اسپتال ہے اور یہ بین الاقوامی ایس او پیز اور گائیڈ لائنز کے مطابق قائم کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال میں کرونا مریضوں کے لیے ہر طرح کی سہولیات موجود ہیں۔

اسپتال میں آئسولیشن وارڈ، وینٹی لیٹرز سمیت دیگر سہولیات بھی موجود ہیں۔

وزیر اعلٰی کا کہنا ہے کہ اسپتال کے قیام سے پشاور کے ٹیچنگ اسپتالوں پر کرونا مریضوں کا دباؤ کم ہو گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کے تعاون سے پشاور میں 210 بستروں پر مشتمل ایک اور اسپتال قائم کیا جا رہا ہے۔

10:01 10.7.2020

امریکہ میں یومیہ کیسز کا نیا ریکارڈ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں جمعرات کو کرونا وائرس کے 63 ہزار 200 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک روز کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز کا نیا ریکارڈ ہے۔

امریکہ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران وبا تیزی سے پھیلی ہے جس نے 50 میں سے 41 ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جہاں نئے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

صرف ریاست فلوریڈا میں جمعرات کو تقریباً نو ہزار کیسز اور وبا سے 120 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ گورنر رون ڈی سینٹس نے کرونا کیسز میں اضافے کو تشویش ناک قرار دیا ہے اور شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ خوف زدہ نہ ہوں۔

امریکہ کی گنجان آباد ریاستوں کیلی فورنیا اور ٹیکساس نے بدھ کو اعلان کیا تھا کہ ریاستوں میں کرونا سے اموات کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

10:07 10.7.2020

پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کر گئی

پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے شکار مزید 75 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں وبا سے مرنے والوں کی تعداد پانچ ہزار 58 ہو گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں مزید 2751 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس طرح ملک بھر میں کیسز کی تعداد دو لاکھ 43 ہزار 594 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے ایک لاکھ 49 ہزار 92 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان کے صوبے سندھ میں سب سے زیادہ ایک لاکھ 900 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد دوسرے نمبر پر پنجاب ہے جہاں 85 ہزار 261 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

10:10 10.7.2020

کرونا نے کچھ لوگوں کے مزاج کو چڑ چڑا کر دیا ہے، ماہرینِ نفسیات

فائل فوٹو
فائل فوٹو

کروناوائرس کی وبا نے دنیا بھر کے ملکوں کے مقابلے میں امریکیوں کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔ ایسے میں طبیعت کی تیزی اور بدمزاجی کے واقعات زندگی کو لاحق خطرات میں مزید اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔

امریکہ میں صحت کے ماہرین ابھی تک کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز سے نمٹنے کی تگ و دو کر رہے ہیں، بعض ریاستوں میں تو دوبارہ لاک ڈاؤن کا مشورہ بھی دیا جا رہا ہے۔ جمعرات کی صبح تک امریکہ میں تیس لاکھ ستاون ہزار سے زیادہ کرونا کے کیسز سامنے آچکے تھے اور مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ بتیس ہزار سے تجاوز کر چکی تھی۔

یہ اعدادوشمار کسی بھی ملک کے لوگوں کیلئے تشویش کا باعث ہو سکتے ہیں اور ہر ذہن میں یہی سوچ ہوگی کہ اس وبا سے کیسے چھٹکارا ملے اور اپنی حفاظت کیلئے کیا کیا جائے۔

مزید پڑھیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG