ہانگ کانگ میں پیر سے تمام اسکولز بند کرنے کا اعلان
ہانگ کانگ نے مقامی سطح پر کرونا وائرس کی دوبارہ منتقلی کے کیسز سامنے آنے کے بعد پیر سے تمام اسکول بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہانگ کانگ کے ایجوکیشن بیورو نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے پیر سے تمام اسکول بند رہیں گے۔
شہر میں جمعرات کو کرونا وائرس کے 42 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جن میں سے 34 کیسز مقامی سطح پر منتقل ہوئے ہیں۔
وزیر تعلیم کیون یونگ نے کہا ہے کہ حال ہی میں سامنے آنے والے کرونا کیسز میں سے بیشتر کیسز طلبہ اور والدین کے ہیں۔
یاد رہے کہ ہانگ کانگ میں جنوری سے اب تک 1366 افراد میں وائرس کی تشخیص اور 7 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔
برازیل میں کرونا کے مزید 42 ہزار کیسز رپورٹ
برازیل میں جمعرات کو کرونا وائرس کے 42 ہزار 600 سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں 'کووڈ 19' کے مریضوں کی کل تعداد 17 لاکھ 55 ہزار 779 ہو چکی ہے۔
برازیل میں کرونا سے اموات کی تعداد 69 ہزار 184 تک پہنچ گئی ہے۔
خیال رہے کہ برازیل امریکہ کے بعد کرونا سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے اور برازیل کے صدر جائر بولسونارو بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہیں۔
روس میں کرونا سے اموات 11 ہزار سے بڑھ گئیں
روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 174 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ملک میں اس وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کی کل تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
جمعرات کو روس میں مزید 6635 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد سات لاکھ 13 ہزار 936 ہو گئی ہے۔ کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد 11 ہزار 17 ہے جب کہ چار لاکھ 89 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
میکسیکو میں کرونا کے ریکارڈ یومیہ کیسز
امریکہ کے پڑوسی ملک میکسیکو میں جمعرات کو کرونا وائرس کے سات ہزار 280 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو ملک میں وبا پھیلنے کے بعد سے اب تک ایک دن میں سامنے آنے والے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
میکسیکو میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد دو لاکھ 82 ہزار 283 ہو گئی ہے۔ جمعرات کو کرونا سے مزید 730 اموات کے بعد میکسیکو میں کووڈ 19 سے ہلاکتوں کی تعداد 33 ہزار 526 تک جا پہنچی ہے۔
خیال رہے کہ میکسیکو میں بدھ کو بھی ریکارڈ یومیہ کیسز رپوررٹ ہوئے تھے جو چھ ہزار 995 تھے لیکن جمعرات کو کیسز کی نئی ریکارڈ تعداد سامنے آئی ہے۔