مراکش میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی کوششیں
پلازمہ ڈونرز کو کرونا کے مریضوں سے ملانے والی ویب سائٹ
پاکستان میں کرونا کے مریضوں کی پلازمہ تھیراپی شروع ہونے کے بعد پلازمہ کی ناجائز خرید و فروخت کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ اسی صورتِ حال کے پیشِ نظر لاہور کے کچھ نوجوانوں نے ایک ویب سائٹ بھی بنائی ہے۔ پلازمہ کی فروخت کا معاملہ کیا ہے اور ویب سائٹ اسے روکنے میں کیسے معاون ہے؟ دیکھیے اس ڈیجیٹل رپورٹ میں
بولیویا کی قائم مقام صدر کرونا وائرس میں مبتلا
بولیویا کی قائم مقام صدر ینینا اینیز بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔ گزشتہ چند روز میں لاطینی امریکہ کے دو ملکوں کے سربراہ کرونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
ینینیا اینیز نے اپنے ٹوئٹر اکاوئنٹ پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں بہتر محسوس کر رہی ہیں اور میں آئسولیشن میں رہتے ہوئے بھی کام جاری رکھوں گی۔
خیال رہے کہ بولیویا میں اب تک 'کووڈ 19' کے 43 ہزار کے قریب مریض رپورٹ ہو چکے ہیں اور 1500 سے زائد اموات بھی ہوئی ہیں۔
اس سے قبل لاطینی امریکہ کے ملک برازیل کے صدر جائر بولسونارو کا کرونا ٹیسٹ بھی رواں ہفتے مثبت آیا تھا۔
آسٹریلیا: بیرون ملک سے وطن واپس آنے والے شہریوں کی تعداد نصف کرنے کا فیصلہ
آسٹریلیا کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بیرون ملک مقیم آسٹریلوی شہریوں کی ہر ہفتے وطن واپس آنے والوں کی تعداد نصف کر رہی ہے۔
آسٹریلوی ریاست وکٹوریا میں جمعے کو کرونا وائرس کے 288 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ آسٹریلیا میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی اکثریت بیرون ملک سے آئی ہے۔
رواں سال مارچ کے بعد سے صرف آسٹریلوی شہریوں اور ملک میں مستقل طور پر مقیم افراد کو ہی آسٹریلیا آنے کی اجازت تھی۔ اب تک تین لاکھ 57 ہزار سے زائد آسٹریلوی وطن واپس آ چکے ہیں۔
حکومتی اقدام کے بعد ہر ہفتے صرف 4175 افراد کو آسٹریلیا آنے کی اجازت ہو گی جنہیں 14 روز تک قرنطینہ میں بھی رہنا ہو گا۔ قرنطینہ کے اخراجات بھی وہ خود برداشت کریں گے۔
آسٹریلیا کے ہمسایہ ملک نیوزی لینڈ نے بھی بیرون ملک سے وطن واپس آنے والوں کی تعداد محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔