بولیویا: کرونا کے مریضوں کی تلاش کے لیے گھر گھر ٹیسٹنگ کی مہم
برازیل: صدر کا انٹرویو کرنے والے صحافی قرنطینہ منتقل
لاطینی امریکہ کے ملک برازیل میں نشریاتی اداروں نے صدر جائر بولسونارو کا انٹرویو کرنے والے صحافیوں کو قرنطینہ کر دیا ہے۔
صدر بولسونارو نے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ہونے والے انٹرویو میں میڈیا کے نمائندوں کو بتایا تھا کہ ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
برازیلی نشریاتی اداروں کا کہنا ہے کہ جن صحافیوں نے صدر بولسونارو کا انٹرویو کیا تھا جب تک ان کے کرونا ٹیسٹس منفی نہیں آجاتے، انہیں کام کے لیے نہیں بلایا جائے گا۔
'ہوا سے کرونا پھیلتا ہے': عالمی ادارۂ صحت نے سائنس دانوں کا مؤقف تسلیم کر لیا
عالمی ادارۂ صحت نے دنیا بھر کے 200 سے زائد سائنس دانوں کے اس مؤقف کو درست قرار دیا ہے کہ کرونا وائرس ہوا کے ذریعے بھی پھیل سکتا ہے۔
امریکہ اور آسٹریلیا کے سائنس دانوں سمیت 200 سے زائد سائنس دانوں نے کہا تھا کہ اس بات کے بارے میں کوئی ابہام نہیں ہے کہ وائرس سانس باہر نکالتے وقت اور کھانستے یا بات کرتے وقت ہوا میں شامل ہو جاتے ہیں، جو خاصی دیر تک ہوا میں رہ سکتے ہیں۔
دوسری جانب عالمی ادارۂ صحت اس بات کا بھی جائزہ لے رہا ہے کہ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کس حد تک مؤثر رہے ہیں۔ ادارے کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہینم نے حکومتوں پر زور دیا ہے کہ لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے باہمی رابطے کو بہتر بنائیں اور کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سب ملک مل کر کام کریں۔
افغانستان میں 34 ہزار افراد کرونا وائرس میں مبتلا
افغانستان کی وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں 'کووڈ 19' کے 286 نئے کیسز کے ساتھ کرونا کے مریضوں کی کل تعداد 34 ہزار 194 ہو گئی ہے جب کہ اموات 971 ہو چکی ہیں۔
وزارتِ صحت نے کرونا کے مریضوں کی اصل تعداد کا اندازہ لگانے کے لیے ایک سروے بھی شروع کیا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق یہ جائزہ آئندہ ہفتے مکمل ہو جائے گا جس کے بعد اس کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔