امریکی حکام اسکول کھولنا چاہتے ہیں، اسکول انتظامیہ تیار نہیں
ایک طرف جہاں امریکہ میں کوویڈ 19 کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے وہاں دوسری جانب صدر ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس کے حکام اسکول کھولنے پر زور دے رہے ہیں۔
اتوار کے روز قومی تعلیمی نظام کی سربراہ بیسٹی ڈیواس نے ملک بھر کی کمیونیٹز پر زور دیا ہے کہ وہ آنے والے ہفتوں میں اسکولوں میں پانچوں دن کلاسیں شروع کریں جن میں شرکت کے لیے طالب علم کلاس روم میں آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بچوں کا سکول آنا محفوظ ہے۔ فاکس نیوز اور سی این این پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار یہ ظاہر نہیں کرتے کہ بچوں کا اسکول آنا خطرناک ہے اور سائنس دان بھی یہ کہتے ہیں کہ بچوں کو یہ وائرس نہیں لگتا۔ اس لیے اسکول کھولنے چاہیئں اور بچوں کو اسکول جانا چاہیے۔
دوسری جانب بیماریوں کے کنٹرول کے قومی ادارے سی ڈی سی کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ وہ معمول کی زندگی کی جانب واپس جانے کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیں گے جن میں ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا شامل ہے۔
دارالحکومت واشنگٹن کے مضافات میں واقع ایک بڑی کاؤنٹی فیئر فیکس کے اسکول سسٹم کے سربراہ سکاٹ برابرینڈ نے کہا ہے کہ بچوں کی تعداد اور حفاظتی تدابیر کے پیش نظر فیرفیکس کاؤنٹی کو پانچوں دن اسکول کھولنے کے لیے پنٹاگان جیسی کم ازکم پانچ بڑی عمارتوں کی ضرورت پڑے گی، جس کے لیے وسائل موجود نہیں ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق پنٹاگان میں 20 ہزار سے زیادہ افراد کے کام کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اسکول سسٹم کے 15 لاکھ ٹیچرز میں سے کم ازکم ایک چوتھائی عمر کے اس حصے میں ہیں، جس میں وہ مہلک وبا کرونا وائرس کا آسانی سے شکار بن سکتے ہیں۔ اس لیے موجودہ صورت حال میں اسکول کھولنا درست فیصلہ نہیں ہو گا۔
عالمی سطح پر اتوار کو کرونا کے ریکارڈ کیسز رپورٹ
عالمی ادارۂ صحت نے کہا ہے کہ اتوار کو دنیا بھر میں کرونا وائرس کے دو لاکھ 30 ہزار 370 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو ایک روز کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز کی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
اس سے قبل دس جولائی کو دو لاکھ 28 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
کیسز کا حالیہ اضافہ امریکہ، برازیل، بھارت اور جنوبی افریقہ میں ہوا ہے جہاں کرونا وائرس کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
دنیا بھر میں اس وبا سے سات ماہ کے دوران پانچ لاکھ 65 ہزار سے زیادہ اموات اور ایک کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ متاثر ہو چکے ہیں۔
پاکستان: کرونا کیسز کی تعداد ڈھائی لاکھ سے تجاوز کر گئی
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد ڈھائی لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ ایک لاکھ 61 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں کرونا وائرس کے شکار مزید 69 مریض دم توڑ گئے اور 2769 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
پاکستان میں کرونا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 5266 ہو گئی ہے جب کہ 1837 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
میکسیکو 35 ہزار اموات کے ساتھ دنیا کا چوتھا متاثرہ ملک
میکسیکو میں اتوار کو کرونا وائرس سے مزید 276 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 35 ہزار6 ہوگئی ہے۔
اس تعداد کے ساتھ ہی میکسیکو مجموعی ہلاکتوں کے لحاظ سے اٹلی سے بھی آگے نکل گیا ہے۔
اٹلی دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر تھا تاہم اب میکسیکو 35 ہزار اموات کے ساتھ چوتھے نمبرپرآگیا ہے۔
میکسیکو میں اتوارکو کرونا وائرس سے 276 افراد چلے بسے جب کہ 4 ہزار 482 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
میکسیکو میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 99 ہزار750 ہوچکی ہے جب کہ اس کے مقابلے میں اٹلی میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 43 ہزار61 ہے۔ اٹلی میں اب تک 34 ہزار 954 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
اگرچہ اٹلی میں وائرس پر قابوپالیا گیا ہے تاہم میکسیکو میں وبائی مرض پر ابھی پوری طرح قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ محدود ٹیسٹنگ کی وجہ سے متاثرین کی صحیح تعداد کا علم نہیں، ہوسکتا ہے ٹیسٹ کی تعداد بڑھنے سے متاثرین کی تعداد بھی بڑھ جائے۔