کرونا وائرس کی ویکسین آزمائش کے آخری مرحلے میں داخل
امریکہ کی بایوٹیک کمپنی 'موڈرنا' کی تیار کردہ کرونا وائرس کی ویکسین نے تمام رضاکاروں میں مدافعتی نظام کو متحرک کر دیا ہے جس سے اس کی کامیابی کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔
موڈرنا نے اس ویکسین کو نیشنل انسٹی ٹیوٹس آف ہیلتھ کے تعاون سے تیار کیا ہے۔
نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں منگل کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ویکسین کے معمولی مضر اثرات دیکھنے میں آئے ہیں جن میں تھکن، ٹھنڈ لگنا، سر درد، پٹھوں کا درد اور انجکشن کے مقام پر درد شامل ہیں۔
یہ پہلی امریکی ویکسین ہے جس کی آزمائش کے نتائج سینئر ماہرین کی نگرانی میں شائع ہوئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کو وائرس کی دوسری لہر کے لیے تیار رہنا چاہیے: وزیرِ اعظم
نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ انہیں کرونا وائرس کی دوسری لہر کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
ویلنگٹن میں بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہو رہا ہے۔ اگر نیوزی لینڈ میں اس وبا کی مقامی سطح پر منتقلی سامنے آئی تو وبا کے خاتمے کی حکمتِ عملی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک فریم ورک جاری کیا ہے جس کے تحت نئے کیسز سامنے آنے کی صورت میں کرونا وائرس کا مقابلہ کیا جائے گا۔
اُن کے بقول دنیا بھر میں کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کوئی بھی نظام سو فی صد کارآمد نہیں ہے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ میں ڈھائی ماہ قبل مقامی سطح پر رپورٹ ہونے والا آخری کیس سامنے آیا تھا۔ ملک بھر میں اب تک اس وبا سے 22 اموات اور 1200 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
میکسیکو میں سات ہزار سے زائد نئے کیسز
لاطینی امریکہ کے ملک میکسیکو میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 7051 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں کی فہرست میں میکسیکو کا ساتواں نمبر ہے جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 836 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
وزارتِ صحت کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد تین لاکھ 11 ہزار 486 اور 36 ہزار 327 اموات ہو چکی ہیں۔
ملتان: نشتر یونیورسٹی کے وائس چانسلر چل بسے
کرونا وائرس کے شکار ملتان کی نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا انتقال کر گئے ہیں۔
مصطفیٰ کمال گزشتہ 14 جون سے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے جن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ بعد بدھ کو بعد نمازِ عصر نشتر گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔