بھارت میں ایک روز میں ریکارڈ ٹیسٹ اور کیسز
بھارت میں ایک روز کے دوران ریکارڈ تین لاکھ کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد 29 ہزار 429 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
بھارت میں کرونا کیسز کی تعداد نو لاکھ سے تجاوز کر گئے ہیں جب کہ اس وبا سے اب تک ملک میں ہلاکتوں کی کل تعداد 24 ہزار 309 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے شکار مزید 582 مریض ہلاک ہو گئے ہیں۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے منگل کو تین لاکھ سے زیادہ افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے ہیں جو اب تک ایک روز کے دوران کیے جانے والے ٹیسٹ کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
اسپین میں ایک لاکھ 60 ہزار لوگوں کو گھروں میں رہنے کے احکامات
اسپین نے کیٹلونیا کے علاقے میں کرونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد لوگوں کی نقل و حرکت محدود کر دی ہے۔
حکام نے بدھ کے روز سے لوگوں کو گھروں میں رہنے کے احکامات دیے ہیں جب کہ صرف اشیائے ضروریہ کی خریداری کے لیے ہی لوگ گھروں سے باہر نکل سکتے ہیں۔ علاقے میں ریستوران اور شراب خانے بھی لوگوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ ریستورانوں کو صرف ڈیلیوری کی اجازت ہے۔
اسپین کی حکومت نے کرونا وائرس کی وبا کا زور ٹوٹنے کے بعد 21 جون کو ملک گیر لاک ڈاؤن ختم کیا تھا۔ اس سے قبل اسپین میں 28 ہزار افراد کرونا سے جان کی بازی ہار چکے تھے۔
اسپین میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کم ہو گئی تھی۔ ہر روز دو سو سے چار سو کے درمیان مریض سامنے آ رہے تھے۔ لیکن پیر کو نئے کیسز کی تعداد میں ایک دم اضافہ ہوا جب ایک ہی دن میں دو ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔
چلی میں کتوں کی مدد سے کرونا کے مریضوں کی تلاش
چلی کی پولیس نے کرونا وائرس کے مریضوں کی تلاش کے لیے کتوں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس کتوں کو ٹریننگ دے رہی ہے کہ وہ سونگھ کر کرونا کے مریضوں کی شناخت کر سکیں تاکہ ملک میں کووڈ 19 کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔
امریکہ کے 'میامی بیچ' کی رونقیں کرونا وائرس کی نذر