رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

15:57 15.7.2020

بھارت کے مختلف علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن

بھارت میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جسے روکنے کے لیے کئی ریاستوں نے مختلف علاقوں میں جزوی لاک ڈاؤن اور پابندیاں دوبارہ عائد کر دی ہیں۔

بھارت میں کرونا کے کیسز نو لاکھ سے تجاوز کر چکے ہیں۔ بھارت ان ملکوں میں شامل ہو گیا ہے جو وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے دوبارہ لاک ڈاؤن اور پابندیاں عائد کر رہے ہیں۔

بھارت کے شہر بنگلور کی آبادی ایک کروڑ 30 لاکھ ہے۔ کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر بنگلور میں منگل سے سات روز کے لیے لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

بنگلور میں حکام نے دفاتر میں محدود لوگوں کے ساتھ کام کرنے اور ٹرانسپورٹ بند کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ صرف اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلی رکھنے کی اجازت ہے۔

ریاست بہار کی آبادی 12 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ہے اور یہ بھارت کی ان ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں غربت بہت زیادہ ہے۔ بہار میں جمعرات سے 15 دن کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ اترپردیش، تامل ناڈو اور آسام میں بھی کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مختلف پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

16:31 15.7.2020

افغانستان میں کرونا کے مریض 35 ہزار کے قریب

فائل فوٹو
فائل فوٹو

افغانستان کی وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں کرونا کے مریضوں کی کل تعداد منگل کو 254 نئے کیسز کے اضافے کے بعد 34 ہزار 994 ہو گئی ہے جب کہ اموات 1094 تک پہنچ گئی ہیں۔

ادھر عالمی بینک نے اپنی ایک نئی رپورٹ میں کہا ہے کہ افغانستان 'کووڈ 19' سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور اسے عالمی امداد کی مسلسل فراہمی درکار ہے۔

رپورٹ کے مطابق وبا کی وجہ سے افغانستان کی معیشت کو ہونے والے نقصان کے نتیجے میں غربت میں اضافہ ہو گا اور سرکاری آمدن بہت کم ہو جائے گی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کو بین الاقوامی مدد کے حوالے سے عدم تحفظ اور غیر یقینی کی صورتِ حال کا سامنا ہے۔

20:40 15.7.2020

سندھ: احتیاطی تدابیر کے ساتھ مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت

صوبائی حکومت نے سندھ بھر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر ایس او پیز کے تحت مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دے دی ہے جس کے لیے احتیاطی تدابیر پر مبنی ہدایت نامہ حکومت جاری کرے گی۔

ترجمان وزیرِ اعلیٰ ہاوس کے مطابق اس بات کا فیصلہ صوبائی دارالحکومت کراچی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق منڈی منتظمین کو پابند کیا جائے گا کہ وہ ایس او پیز پر عمل یقینی بنائیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا سے پیدا شدہ صورتِ حال کے پیش نظر منڈیوں میں بلا وجہ جانے سے گریز کریں۔

اسی طرح انتظامیہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ شہروں کے گلی کوچوں میں جانوروں کی منڈیوں کی روک تھام کو ممکن بنایا جائے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے مویشی منڈیوں میں موبائل ٹیم کے ذریعے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کرانے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مویشی منڈیوں میں بچوں کے جانے پر مکمل پابندی ہو گی جب کہ جانوروں کی قربانی کے لیے یونین کمیٹی اور کونسلز کی سطح پر مخصوص جگہ بنانے اور وہیں قربانی کو ممکن بنانے کے لیے ہدایت کی ہے۔

20:44 15.7.2020

بیرون ملک مقیم پاکستانی زیادہ رقوم ملک میں کیوں بھیج رہے ہیں؟

پاکستان کے مرکزی بینک کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق جون میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی رقوم میں 50 فی صد سے زائد اضافہ دیکھا گیا ہے۔

بینک دولت پاکستان کی جانب سے پیر کو جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جون میں دو ارب 46 کروڑ 62 لاکھ ڈالرز بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے وطن منتقل کیے گئے۔ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران ایک ارب 63 کروڑ 64 لاکھ ڈالرز ترسیلاتِ زر کی صورت میں منتقل کیے گئے تھے۔

مالی سال 2020 کے دوران مجموعی طور پر 23 ارب 12 کروڑ ڈالرز سے زائد رقم پاکستان منتقل کی گئی جب کہ 2019 میں 21 ارب 73 کروڑ ڈالرز سے زائد رقم پاکستان بھجوائی گئی تھی۔

ایک سال کے دوران ترسیلاتِ زر میں بھی 6.4 فی صد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سال ترسیلاتِ زر میں اضافے سے اس مد میں ملنے والی رقم ملک کی کل برآمدات کے حجم سے بھی بڑھ گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جون 2020 کی آخری سہ ماہی جب دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وجہ سے معاشی حالات زیادہ ابتری کا شکار تھے، اس عرصے میں بھی ترسیلات میں 7.8 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔


مزید جانیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG