بھارت میں کرونا کے نئے ریکارڈز
بھارت میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل تیزی آ رہی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ نئے ریکارڈز بن رہے ہیں۔ کرونا سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود بھارت میں جمعرات کو ریکارڈ اموات، کیسز اور ٹیسٹ رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 32 ہزار 695 نئے مریض سامنے آئے ہیں جو اب تک ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں ایک دن میں ریکارڈ 606 اموات بھی ہوئی ہیں۔
کرونا وائرس کے مریضوں کی تلاش کے لیے کی جانے والی ٹیسٹنگ کے حوالے سے بھی بھارت میں نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ بدھ کو بھارت میں تین لاکھ 26 ہزار سے زائد افراد کے سیمپلز لیے گئے ہیں جو بھارت میں ایک دن میں کیے جانے والے ٹیسٹس کی ریکارڈ تعداد ہے۔
لاہور کی مویشی منڈیوں میں حفاظتی اقدامات کا فقدان
روس میں کرونا کیسز ساڑھے سات لاکھ سے متجاوز
روس میں کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد ساڑھے سات لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔ جمعرات کو روس میں مزید چھ ہزار 428 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد سات لاکھ 52 ہزار 797 تک پہنچ گئی ہے۔
کرونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود روس میں کرونا سے 11 ہزار 937 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
چین میں سنیما کھولنے کی اجازت
چین میں گزشتہ 10 روز سے کرونا وائرس کا مقامی منتقلی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ چینی حکام اب ملک بھر میں سنیما گھر دوبارہ کھولنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔
چین کی فلم ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ جن علاقوں میں کرونا وائرس پھیلنے کا خطرہ کم ہے، وہاں 20 جولائی سے سنیما گھر کھولنے کی اجازت ہو گی لیکن سماجی فاصلے اور دیگر احتیاطی تدابیر کا خیال رکھنا ہو گا۔
فلم ایڈمنسٹریشن نے سنیما گھروں کو ہدایت کی ہے کہ لوگوں کے درمیان ایک میٹر کا فاصلہ قائم رکھنے کے لیے سنیما کے مکمل ٹکٹ فروخت نہ کیے جائیں۔ بلکہ استعداد سے کم لوگوں کو ہی سنیما میں داخل کیا جائے۔