کرونا وائرس کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں: ٹیڈروس ایڈہینم
عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہینم نے کہا ہے کہ اسپین نے دنیا کو ثابت کیا ہے کہ سیاسی قیادت، اقدامات اور عوامی تعاون کے ذریعے کرونا وائرس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ پھر وائرس کا حملہ چاہے کتنا ہی شدید کیوں نہ ہو۔
اسپین کرونا وائرس سے شدید متاثر ہونے والے چند ملکوں میں سے ایک تھا لیکن اب اس نے کرونا کے پھیلاؤ پر قابو پا لیا ہے۔ مارچ کے آخر اور اپریل کے شروع میں اسپین میں ہر روز کرونا وائرس کے 10 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ رہے تھے۔
ٹیڈروس ایڈہینم نے اسپین کی اس کامیابی پر حکومت اور عوام دونوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے سخت پابندیوں پر پوری طرح سے عمل کیا۔
عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ نے خبردار کیا کہ دنیا کے کچھ ملکوں میں کرونا وائرس کی شدت کم ضرور ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔
سندھ پولیس کے 2500 سے زائد اہلکار کرونا کا شکار
صوبۂ سندھ کی پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران 155 پولیس اہلکاروں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد 'کووڈ 19' کا شکار سندھ پولیس کے اہلکاروں کی تعداد 2515 تک پہنچ گئی ہے۔
ترجمان سندھ پولیس سہیل احمد جوکھیو کے مطابق اس مہلک وبا سے اب تک پولیس کے 16 افسران اور جوان جان کی بازی ہار چکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق کراچی جب کہ دو کا تعلق حیدر آباد رینج سے ہے۔
سہیل احمد نے کہا ہے کہ اس وقت پولیس کے 1593 اہلکار کرونا کا شکار ہونے کے بعد زیر علاج ہیں جب کہ 900 سے زائد اہلکار آئسولیشن مکمل کر کے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سندھ حکومت کی جانب سے متاثرہ پولیس اہلکاروں اور افسران کو حفاظتی سامان اور دیگر چیزوں کی خریداری کے لیے 10 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔
محکمۂ صحت سندھ کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں گزشتہ روز 10 ہزار سے زائد نمونے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1170 میں کرونا کی تشخیص ہوئی۔
سندھ میں اب تک چھ لاکھ 25 ہزار 601 ٹیسٹس کیے جا چکے ہیں اور مثبت کیسز کی تعداد ایک لاکھ 11 ہزار 238 تک جا پہنچی ہے۔ ان میں سے 88 ہزار 103 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ میں 'نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر' کے فیصلے کے تحت 'اسمارٹ لاک ڈاؤن' میں 15 اگست تک توسیع کر دی گئی ہے۔ صوبے میں شادی ہالوں اور ہوٹلوں سمیت عوامی اجتماعات پر بھی بدستور پابندی عائد ہے۔
بلوچستان میں بازار رات 10 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت
بلوچستان کی صوبائی حکومت نے کرونا وائرس کے سبب صوبے بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کر دی ہے۔ محکمۂ داخلہ بلوچستان نے عید کی خریداری کے لیے بازار اور شاپنگ مالز کھولنے کے اوقات میں اضافہ کر دیا ہے۔
محکمۂ داخلہ سے جاری ہونے والے ایک نوٹی فکیشن کے مطابق تمام دکانیں، شاپنگ مالز اور اسٹورز کو ہفتے میں چھ دن صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی جب کہ جمعہ کے دن تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے۔
سرکاری حکم نامے کے مطابق بازار رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت 30 جولائی تک کے لیے ہو گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل شام سات بجے تک دکانیں کھولنے کی اجازت تھی۔