رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

10:36 18.7.2020

دنیا میں پہلی بار 100 گھنٹوں کے دوران 10 لاکھ سے زائد کیس رپورٹ

دنیا بھر میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے، اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 100 گھنٹوں میں دنیا بھر میں ریکارڈ 10 لاکھ سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ مجموعی کیس ایک کروڑ 40 لاکھ سے بڑھ گئے ہیں۔

امریکہ میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 36 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے جب کہ اس تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔

دنیا بھر میں مہلک وبا کے باعث اب تک پانچ لاکھ 90 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

امریکہ میں یومیہ چار کروڑ 64 لاکھ ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں جب کہ روس میں یہ تعداد دو کروڑ 43 لاکھ ہے۔

10:45 18.7.2020

آسٹریلیا میں پارلیمان کا اجلاس موخر


آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے پارلیمنٹ کا اجلاس مزید کئی ہفتوں تک موخر کردیا ہے۔ یہ فیصلہ ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے کیا گیا ہے جس نے ملک کی سب سے گنجان آباد دو ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

وزیراعظم نے اسپیکر سے چار اگست سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ سیشن کو موخر کرنے کے لیے کہا ہے۔ شیڈول کے مطابق پارلیمنٹ سیشن چار اگست سے شروع ہو کر دو ہفتوں تک جاری رہنا تھا۔

اس حوالے سے جاری وزیراعظم کے تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت اراکین پارلیمنٹ اور اس کے عملے کی صحت سے متعلق کوئی رسک نہیں لے سکتی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ طبی ماہرین کی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا میں مارج میں آخری مرتبہ پارلیمنٹ کا اجلاس ہوا تھا جس کے بعد سیشنز کو اگست تک کے لیے موخر کر دیا گیا تھا۔

جمعے کو ریاست وکٹوریہ میں مزید 217 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ اس سے ملحقہ ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں بھی 15 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

11:00 18.7.2020

چین میں کرونا کے مزید 22 کیس رپورٹ

چین میں جمعے کو کرونا وائرس کے 22 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 16 کا تعلق ملک کے مغربی علاقے سنکیانگ کے دارالحکومت اُرمچی سے ہے جہاں کرونا وائرس کے کیسز پر قابو پانے کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

علاقائی حکومت کا کہنا ہے کہ حالیہ تمام نئے کیسز مقامی طور پر ایک فرد سے دوسرے فرد تک منتقل ہوئے ہیں۔

اُرمچی کا شمار چین کے اُن شہروں میں ہوتا تھا جو اب تک اس وبا سے بچے ہوئے تھے۔ اس علاقے میں وائرس کے شبہے میں 269 افراد کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔


16:31 18.7.2020

کرونا کی شکار ایشوریا رائے بھی اسپتال منتقل

کرونا وائرس میں مبتلا بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے کو بھی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل اُن کے سسر امیتابھ بچن کو کرونا کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

گزشتہ ہفتے امیتابھ بچن نے ٹوئٹر پر اعلان کیا تھا کہ اُن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اس کے بعد ایشوریا رائے، اُن کے شوہر ابھیشک بچن اور آٹھ سالہ بیٹی ارادھیا کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا۔

بچن فیملی کے یہ اراکین ممبئی کے نانا وتی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔


مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG