وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد چھ لاکھ سے متجاوز
کرونا وائرس سے عالمی سطح پر اتوار کی صبح تک متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 43 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق وائرس سے دنیا بھر میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 497 ہو گئی ہے۔
اسی طرح کرونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 78 لاکھ سے زائد ہے۔
آسٹریلیا میں مقامی سطح پر وائرس کی منتقلی میں اضافہ
آسٹریلیا کی دوسری سب سے گنجان آباد ریاست وکٹوریہ میں اتوار کو کرونا وائرس سے متاثرہ مزید تین افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد ریاست میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 38 جب کہ ملک بھر میں مرنے والوں کی تعداد 122 ہوگئی ہے۔
متاثرین کی تعداد میں تیزی سے ہونے والے اضافے کو دیکھتے ہوئے حکومت نے میلبرن کے تمام شہریوں کے لیے فیس ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔
حکام کے مطابق ماسک وائرس سے بچاؤ کی اولین ترجیح ہے لہذا اب جو بھی شخص ماسک نہیں پہنے گا اسے 200 آسٹریلین ڈالرز جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
آسٹریلیا میں اب تک 11 ہزار 800 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ یہاں مقامی سطح پر وائرس کی منتقلی سے اس کا پھیلاؤ بڑھتا جا رہا ہے۔
حکام سماجی فاصلہ برتنے پر زور دے رہے ہیں۔
امریکہ میں ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد اموات
امریکہ میں ہفتے تک کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ جون کے آخر سے نئے کیسز کی تعداد میں اضافہ نوٹ کیا گیا تھا اور اب چھ ہفتوں بعد اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ہر ہفتے تقریباََ پانچ ہزار افراد وبائی مرض کے سبب ہلاک ہو رہے ہیں.
امریکہ کے پڑوسی ملک کینیڈا میں وبائی مرض پھیلنے سے اب تک مجموعی طور پر نو ہزار کے قریب افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
وبا کے باعث جِم کی صفائی کے طریقے بدل گئے
بیشتر امریکی ریاستیں کرونا وائرس کی وجہ سے کئی ماہ بند رہنے والے کاروباروں کو حفاظتی تدابیر کے ساتھ مرحلہ وار کھولنے کی اجازت دے رہی ہیں۔
جم اور فٹنس سینٹر بھی کھولے جا رہے ہیں۔ یہ جم اپنے صارفین کی صحت اور حفاظت کے لیے کیا اقدامات کر رہے ہیں؟ دیکھیے اس رپورٹ میں