واہگہ بارڈر کے راستے بھارت کے لیے افغان تجارت بحال
پاکستان کی جانب سے واہگہ کے راستے افغانستان کو بھارت تک تجارت کی رسائی دینے پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔ ہفتے کو افغانستان سے چھ ٹرک درآمدی سامان لے کر بھارت پہنچ گئے۔
اسلام آباد نے رواں ماہ 13 جولائی کو افغانستان کو بھارت کے ساتھ پاکستان کے راستے تجارت دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی تھی۔
افغانستان سے سبزیوں، خشک میوہ جات، انار، سیب، انگور، گرما، سردا اور دیگر تازہ پھلوں سے لدے پانچ ٹرک بھارت روانہ ہوئے۔
پاکستانی حکام کے مطابق یہ ٹرک 17 جولائی کو ہی واہگہ بارڈر پر پہنچے تھے لیکن بھارت کی جانب سے اُنہیں کلیئر نہیں کیا جا رہا تھا۔
ایڈیشنل کلکٹر واہگہ باسط عباسی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ گزشتہ روز افغانستان سے پاکستان آنے والے پانچ ٹرک بھارت جانے کے لیے واہگہ پہنچے تو بھارتی حکام نے اُن ٹرکوں کو لینے سے انکار کر دیا۔
کرونا وائرس: وائٹ ہاؤس کانگریس کے کئی ارب ڈالرز کا بل روکنے کے لیے کوشاں
امریکہ کی کانگریس میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ترتیب دیے جا رہے کئی ارب ڈالر کے منصوبے کو صدر ٹرمپ کی انتظامیہ روکنے کے لیے کوشاں ہے۔
کانگریس میں ترتیب جا رہے منصوبے کے تحت ریاستوں کو اضافی اربوں ڈالرز دیے جائیں گے جس سے ریاستیں کرونا کے ٹیسٹس کی تعداد میں اضافہ اور کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی نشاندہی کر سکیں گی۔ منصوبے کے تحت سینٹرل ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن (سی ڈی سی) سمیت دیگر اداروں کو بھی اضافی فنڈ فراہم کیا جائے گا تاکہ وبا کی صورتِ حال کو کنٹرول کیا جا سکے۔
سینیٹ میں حکومتی جماعت ریپبلکن پارٹی کے سینیٹرز کوشش کر رہے ہیں کہ ایک اور کرونا وائرس ریلیف بل بنایا جا سکے۔
اس بل کا بنیادی مقصد امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافے کو کنٹرول کرنا بتایا جا رہا ہے۔
نئے بل سے ان شہریوں کی بھی مدد کی جا سکے گی جن کو بے روزگار ہونے پر امداد فراہم کی گئی تھی تاہم اب یہ امداد بھی ان کے لیے ناکافی ہے جب کہ اس بل میں وبا سے معیشت کو پہنچنے والے نقصان کے لیے بھی کچھ حصہ رکھا جائے گا۔
ماسک کے حق میں ہوں لیکن پہننا لازمی نہیں کروں گا، صدر ٹرمپ
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اس حق میں ہیں کہ لوگ عالمی وبا کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اپنے چہروں پر ماسک پہنیں لیکن وہ یہ پابندی نہیں لگائیں گے کہ اسے لازمی پہنا جائے۔
ٹیلی وژن چینل فاکس کے پروگرام فاکس نیوز سنڈے میں نشر ہونے والے انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں ماسک کی اہمیت تسلیم کرنے والوں میں شامل ہوں۔ میرا خیال ہے کہ ماسک اچھی چیز ہے۔ لیکن میں اس سے اتفاق نہیں کرتا کہ اگر ہر شخص ماسک پہن لے تو سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔
صدر ٹرمپ کا یہ انٹرویو جمعے کے روز وائٹ ہاؤس میں ریکارڈ ہونے کے بعد فاکس نیوز کے اتوار کے شو میں نشر کیا گیا۔
پاکستان میں مزید 31 اموات
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے شکار مزید 31 مریض چل بسے جب کہ 1587 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس سے اب تک پانچ ہزار 599 افراد ہلاک اور دو لاکھ 65 ہزار 83 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے دو لاکھ پانچ ہزار 929 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
حکام کے مطابق پاکستان میں کرونا کے شکار 1552 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔