فرانس: عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والوں کو جرمانہ
فرانس میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کے خدشے کے پیشِ نظر عوامی مقامات پر ماسک پہننے کو لازم قرار دیا ہے اور اس کی خلاف ورزی پر جرمانہ ہو گا۔
حکام کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق ایسے افراد جو عوامی مقامات پر ماسک نہیں پہنیں گے انہیں 135 یورو کا جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔
فرانس کے وزیرِ صحت کے مطابق حکم نامے کا اطلاق، دکانوں، سپر اسٹورز، بینکوں اور ان کاروباری مراکز پر ہو گا جہاں لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوتی ہے۔
فرانس کرونا وائرس سے یورپ کے متاثرہ ترین ملکوں میں شامل ہے جہاں پبلک ٹرانسپورٹ پر پہلے ہی ماسک پہننے کو لازم قرار دیا گیا تھا۔ حال ہی میں ملک بھر میں لاک ڈاؤن کو ختم کیا ہے تاہم وبا کی دوسری لہر کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
افغانستان میں کرونا کے مریض 35 ہزار 500 سے زائد
افغانستان کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 35 ہزار 500 سے زائد ہو گئی ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 'کووڈ 19' کے 40 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
افغان وزارتِ صحت کے ایک ترجمان اکمل سمسور نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ افغانستان میں ہرات، بامیان اور باغدیز کے علاقے 'کووڈ 19' سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
وزارتِ صحت کے مطابق کابل، قندھار، بلخ اور ہرات کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی آمد اور روانگی سے قبل جانچ کے لیے تھرمل اسکینرز لگا دیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں وزارتِ صحت نے ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والی اموات کا پتا چلانے کے لیے ایک سروے بھی شروع کرایا ہے جس کے نتائج جمعرات کو جاری کیے جائیں گے۔
چین کے سنیما گھر چھ ماہ بعد کھل گئے
چین کے مختلف شہروں میں کرونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے گزشتہ چھ ماہ سے بند سنیما گھر پیر سے کھول دیے گئے ہیں۔ کرونا وائرس نے چین کی سنیما انڈسٹری کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔
چینی حکام نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ جن علاقوں میں کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ کم ہے، ان میں تھیٹرز اور سنیما گھروں کو کھول دیا جائے گا لیکن کرونا وائرس کی احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کیا جائے گا۔
بیجنگ نے کہا تھا کہ وہ سنیما کھولنے کا فیصلہ شہری انتظامیہ پر چھوڑ رہے ہیں تاکہ وہ اپنے علاقوں کی صورتِ حال دیکھتے ہوئے فیصلہ کریں۔ چین کے کچھ شہروں میں پیر سے سنیما کھل گئے ہیں جب کہ بعض میں اب بھی بند ہیں۔
بھارت میں ریکارڈ 40 ہزار نئے کیسز
بھارت میں اتوار کو کرونا وائرس کے 40 ہزار 425 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں عالمی وبا کا شکار افراد کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 18 ہزار 43 ہو گئی ہے۔
بھارت میں کرونا سے اموات کی کل تعداد27 ہزار 497 ہیں۔