شام: عالمی وبا کے ماحول میں پارلیمانی انتخابات
کرونا وائرس، خانہ جنگی اور اقتصادی بحران کے باوجود شام میں مکمل احتیاطی تدابیر کے ساتھ پارلیمانی انتخابات کے لیے اتوار کو پولنگ ہوئی۔ کئی پولنگ اسٹیشنز پر ماسک پہنے بغیر ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ووٹنگ کے عمل کے دوران انتظامیہ نے سماجی دوری کا بھی خاص انتظام کیا تھا۔
عالمی ادارۂ صحت کی آبائی امریکی باشندوں کو کووڈ 19 سے بچانے کی ہدایت
عالمی ادارۂ صحت نے کہا ہے کہ وہ برِاعظم امریکہ کے قدیم باشندوں پر کرونا وائرس کے منفی اثرات کے بارے میں متفکر ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے ہیڈ کوارٹرز میں معمول کی بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈھانوم گبریسس نے کہا کہ اگرچہ کووڈ 19 دنیا بھر کے قدیم آبائی باشندوں کے لیے خطرے کا باعث ہے، لیکن عالمی ادارہ براعظم امریکہ کے قدیم باشندوں پر اس موذی وبا کے اثرات کے حوالے سے زیادہ فکر مند ہے۔
ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ 6 جولائی تک قدیم آبائی امریکیوں میں 70 ہزار سے زیادہ افراد عالمی وبا کی لپیٹ میں آ چکے تھے جب کہ ان میں اموات کی تعداد دو ہزار سے زیادہ تھی۔
عالمی ادارہ صحت نے حال ہی میں قدیم امریکیوں کے لیے ہدایات جاری کیں ہیں کہ وہ کس طرح اس مہلک وبا سے خود کو محٖفوظ رکھ سکتے ہیں۔
کرونا وائرس کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ملتوی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرونا وائرس کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ اکتوبر نومبر میں آسٹریلیا میں منعقد ہونا تھا۔
آئی سی سی نے ایک بیان میں صرف اتنا کہا کہ "آج اس بات کی تصدیق کی جا رہی ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے باعث آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ملتوی کر دیا گیا ہے۔"
دو ہزار اکیس کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت اور 2022 کا آسٹریلیا میں ہونا ہے لیکن یہ امکان موجود ہے کہ اگلے ٹورنامنٹ کی میزبانی آسٹریلیا کو دے دی جائے۔ فی الحال اس بارے میں فیصلہ نہیں کیا گیا۔
کرونا وائرس پر کنٹرول کے حکومتی اقدامات پر اکثر پاکستانی غیر مطمئن، سروے رپورٹ
پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم نے کرونا وائرس سے متعلق کیے گئے اقدامات اور حکومتی فیصلہ سازی پر پارلیمانی نگرانی کو فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انسانی حقوق کے غیر سرکاری ادارے، ہیومن رائٹس کمشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے کوویڈ 19 سے نمٹنے کے حکومتی اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا کی وبا نے حکمراں اداروں اور حکومتی اشرافیہ پر عوام کا اعتماد متزلزل کیا ہے۔