اسپین: لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد تین ہفتوں بعد کیسز میں تین گنا اضافہ
یورپی ملک اسپین میں کرونا وائرس کے سبب نافذ کی گئی پابندیوں میں نرمی کے تین ہفتوں بعد اس وبا کے پھیلنے میں تین گنا اضافہ ہو گیا ہے۔
اسپین میں پابندیاں اٹھائے جانے اور معمولات زندگی کی بحالی کے بعد دو شہروں بارسلونا اور لیلیڈا کے 201 ایسے مقامات سامنے آئے ہیں۔ جہاں کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے سبب بارسلونا اور لیلیڈا کی مقامی حکومتوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں قید رہیں اور ایسی تقریبات سے اجتناب کریں جن میں 10 افراد سے زائد افراد شریک ہوں۔
اسپین کی ڈپٹی ہیلتھ ایمرجنسی چیف ماریہ سیرا کے مطابق اس ویکینڈ پر کرونا کے 4581 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جس کے بعد اسپین میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 64 ہزار 836 ہو گئی ہے جب کہ اس وبا سے 28 ہزار سے زائد افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
برازیل: مزید دو وزرا میں کرونا وائرس کی تشخیص
لاطینی امریکہ کے ملک برازیل کے دو وزرا میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
برازیل کی وزارِ شہریت کے وزیر اونکس لورینزونی اور نو منتخب وزیر برائے تعلیم ملٹن ریپیرو نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے کہ ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اس سے قبل برازیل کے صدر جیر بولسونارو بھی کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
برازیل دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ملکوں میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر ہے۔
برازیل میں اب تک کرونا وائرس سے 80 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 21 لاکھ سے زائد افراد میں اس وبا کی تشخیص ہو چکی ہے۔
ویتنام: روس سے آئے 12 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق
ویتنام میں روس سے آنے والے 12 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جنہیں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ تین ماہ کے دوران ویتنام میں کرونا وائرس کی مقامی طور پر منتقلی کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔
ویتنام میں کرونا وائرس سے 396 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 90 فی صد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ اس وبا سے ملک میں اب تک کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔
آسٹریلیا: ریاست وکٹوریا میں کرونا سے تین ہلاکتیں، 374 نئے کیسز
آسٹریلیا کی دوسری بڑی گنجان آباد ریاست وکٹوریا میں منگل کے روز کرونا وائرس کے سبب 3 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ 374 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ریاست وکٹوریا کے پریمیئر ڈینئل اینڈریوز نے صحافیوں کو بتایا کہ کرونا وائرس کا شکار ہونے والی تین خواتین تھیں جن میں سے ایک کی عمر سو سال سے زیادہ، دوسری خاتون کی عمر نویں سال جب کہ اس وبا سے ہلاک ہونے والی تیسری خاتون کی عمر اسی برس سے زیادہ تھی۔
آسٹریلوی ریاست وکٹوریا میں کرونا وائرس کے 6300 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں جو کہ پورے ملک میں رپورٹ ہونے والے کیسز کے لگ بھگ نصف ہیں۔
وکٹوریا کی مقامی حکومت کی طرف سے میلبورن شہر میں چھ ہفتوں کا جزوی لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے اور شہریوں سے کہا گیا ہے کہ گھروں سے باہر نکلنے کی صورت میں ماسک کا استعمال ضرور کریں۔