پاکستان میں 38 اموات، 1332 نئے کیسز
وبا کی صورتِ حال بہتر ہونے سے پہلے بدترین ہو گی: صدر ٹرمپ
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی صورتِ حال بہتر ہونے سے پہلے غالباً مزید خراب ہو گی۔
وائٹ ہاؤس میں نیوز بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ ''ملک کے بعض حصوں میں حالات بہت بہتر ہیں۔ کچھ میں کم بہتر ہیں۔ یہ صورتِ حال غالباً بہتر ہونے سے قبل بدقسمتی سے مزید خراب ہو گی۔ میں اس طرح کی باتیں کہنا پسند نہیں کرتا۔ لیکن صورتِ حال کچھ ایسی ہی ہے۔''
انہوں نے کہا کہ آپ پوری دنیا کا حال دیکھ سکتے ہیں۔ پوری دنیا میں یہی صورتِ حال ہے۔
چینی ہیکر ویکسین کی معلومات چرانا چاہتے ہیں: امریکہ
امریکہ کے حکام نے چین پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان جرائم پیشہ ہیکروں کو تعاون فراہم کر رہا ہے جو دنیا بھر میں کرونا وائرس کی ویکسین اور علاج پر کام کرنے والی بایوٹیک کمپنیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
امریکی محکمۂ انصاف نے منگل کو ریاست واشنگٹن میں ایک فرد جرم جاری کی۔ اس میں انجینئرنگ کے دو سابق طلبہ پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ دواساز اداروں، اعلیٰ سطح کی پیداواری کمپنیوں اور کمپیوٹر گیم بنانے والوں کی معلومات چوری کر رہے ہیں۔
گیارہ نکاتی فرد جرم میں لی شیاؤ ژو اور ڈونگ جیاژی کو امریکہ، چین اور ہانگ کانگ میں حکومت کے منحرفین، مذہبی رہنماؤں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو بھی نشانہ بنانے کا ملزم قرار دیا گیا ہے۔
آسٹریلیا: ریاست وکٹوریہ میں ریکارڈ کیسز
آسٹریلیا کی دوسری گنجان آباد ریاست وکٹوریہ میں کرونا وائرس کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ریاست وکٹوریا میں 484 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ایک روز کے دوران کیسز کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
ریاست وکٹوریہ میں گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ 428 کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے تاہم اب یہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھںٹوں میں وکٹوریہ میں کرونا کے شکار دو مریض بھی دم توڑ گئے ہیں۔
ریاست وکٹوریہ کی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گھر سے نکلنے کی صورت میں ماسک ضرور پہنیں۔