امریکہ: مسلسل تیسرے روز 1000 سے زائد افراد کی ہلاکت
امریکہ میں کرونا وائرس سے جمعرات کو مزید 1000 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ امریکہ میں مسلسل تیسرے روز ایک ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
کرونا وائرس نے امریکہ کی جنوبی اور مغربی ریاستوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
جمعرات کو ملک بھر میں مجموعی طور پر ایک ہزار 118 اموات ریکارڈ ہوئیں جب کہ اس سے قبل یعنی بدھ کو ایک ہزار 135 اور منگل کو ایک ہزار 141 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
امریکہ میں پہلا کیس جنوری میں رپورٹ ہوا تھا جب کہ جمعرات تک متاثرین کی تعداد بڑھتے بڑھتے 40 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
پاکستان میں مزید 54 اموات، 1209 نئے کیسز بھی رپورٹ
کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد محمد عامر انگلینڈ روانہ
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عامر انگلینڈ روانہ ہو گئے ہیں۔
محمد عامر کرونا وائرس کے دو ٹیسٹ منفی آنے کے بعد جمعے کی صبح لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے انگلینڈ کے لیے روانہ ہوئے ہیں جو وہاں پہنچ کر چند روز قرنطینہ میں رہنے کے بعد ٹیم کو جوائن کریں گے۔
محمد عامر کے انگلینڈ میں بھی کرونا وائرس کے دو ٹیسٹ ہوں گے جن کا منفی آنا ضروری ہے۔
یاد رہے کہ محمد عامر نے اپنے بچے کی متوقع ولادت کے باعث دورۂ انگلینڈ سے دست بردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔
بھارت میں ایک روز کے دوران ریکارڈ کیسز
بھارت میں جمعے کو ایک مرتبہ پھر کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 310 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو یہ ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
وفاقی وزارتِ صحت نے جمعے کو بتایا کہ بھارت میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 87 ہزار ہو گئی ہے۔
بھارت میں کووڈ 19 کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کا جمعے کو دوسرا روز ہے۔