اسپین سیاحوں کے لیے مکمل طور پر محفوظ ملک؟
اسپین کی حکومت کا کہنا ہے کہ اسپین کرونا وائرس کے حوالے سے سیاحوں کے لیے مکمل طور پر محفوظ ملک ہے۔
برطانیہ میں اسپین سے داخل ہونے والے افراد کو دو ہفتے تک قرنطینہ میں رکھنے کے فیصلے پر بھی اسپین نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
افغانستان میں مزید 106 کیسز کا اضافہ
افغان وزارتِ صحت نے ملک میں کرونا وائرس کے 36263 کیسز کی تصدیق کی ہے۔
حکام کے مطابق 24 گھنٹوں میں 106 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
وزارت صحت نے کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 1269 بتائی ہے جب کہ 25198 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے فلاحی امور کے رابطہ دفتر نے بتایا ہے کہ ہفتے کے روز 3452 افغان افراد طورخم سرحد کے ذریعے پاکستان سے افغانستان پہنچے ہیں۔ ان کی صحت کی جانچ مناسب انداز میں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اسپن بولدک اور غلام خان کی سرحدی گزرگاہیں پیدل آمد و رفت کے لیے بدستور بند ہیں تاہم پاکستان نے مال بردار ٹرکوں کی آمد و رفت جاری رکھی ہے۔
ویتنام: سیاحتی شہر داننگ کے لیے پروازیں منسوخ
جنوب مشرقی ایشیائی ملک ویتنام کے سیاحتی شہر داننگ میں کرونا وائرس کے 14 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد 15 روز کے لیے پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق ویتنام میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کے کیسز سیاحتی شہر داننگ سے یا اس کے گرد و نواح سے رپورٹ کیے گئے ہیں۔
حکومت کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق داننگ شہر آنے اور جانے والی ٹرینیں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ سخت ترین پابندیاں نافذ کیے جانے کے سبب ویتنام میں کرونا وائرس کی وجہ سے کوئی بھی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی جب کہ پورے ملک میں اس وبا سے صرف 431 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا کیسز 15 لاکھ کے قریب
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار 654 مریض چل بسے جب کہ 47 ہزار 704 افراد میں وائرس کی تشخیص بھی ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا کیسز کی کل تعداد 14 لاکھ 83 ہزار 157 تک پہنچ گئی ہے۔ بھارت کرونا وائرس سے متاثرہ دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں اتنے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
بھارت میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 32 ہزار 771 ہے۔ اب تک امریکہ ایک لاکھ 48 ہزار سے زائد اموات کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔