برطانیہ اور جرمنی کی اپنے شہریوں کو اسپین کا سفر نہ کرنے کی ہدایت
یورپی ملک اسپین میں کرونا وائرس کی نئی لہر آنے کے پیش نظر جرمنی اور برطانیہ نے اپنے شہریوں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ اسپین کا غیر ضروری سفر کرنے سے اجتناب کریں۔
اسپین میں کرونا وائرس کے کیسز میں ہونے والے اضافے کی وجہ سے اس کی سیاحتی صنعت شدید متاثر ہوئی ہے۔
برطانیہ نے اپنے شہریوں کو اسپین جانے سے ہی گریز کا مشورہ دیا ہے جب کہ جرمنی نے اسپین کے اُن مخصوص علاقوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے جہاں حالیہ دنوں میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔
برطانوی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق اسپین سے برطانیہ آنے والے مسافروں کو 14 دنوں کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔
برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن کا اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے منگل کے روز کہنا تھا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ برطانوی شہریوں کو کرونا وائرس کی نئی لہر سے محفوظ رکھے۔
جرمنی نے بھی اپنے شہریوں کو اسپین کے کاتا لونیا سمیت دیگر دو علاقوں کا سفر کرنے سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں۔ جہاں کرونا وائرس کے نئے کیسز رپورٹ کیے جا رہے ہیں۔
ایشوریا رائے اسپتال سے ڈسچارج
بھارت کی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ایشوریا رائے بچن کرونا وائرس سے صحت یابی کے بعد اسپتال سے گھر واپس آ گئی ہیں۔
ایشوریا کے خاوند ابھیشیک اور سسر امیتابھ بچن بھی کرونا وائرس کے شکار ہیں اور وہ اب تک ممبئی کے ناناوتی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
ایشوریا نے اسپتال سے گھر پہنچ کر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ‘انسٹا گرام’ پر اپنے پرستاروں کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
انہوں نے اپنی ایک پوسٹ میں اُن تمام پرستاروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے خاوند ابھیشیک بچن، بیٹی آرادھیا اور سسر امیتابھ بچن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
پاکستان میں 27 اموات، 1063 کیسز رپورٹ
بھارت میں 48 ہزار نئے کیسز، 768 اموات
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 48 ہزار 513 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ وبا کے شکار 768 مریض دم توڑ گئے ہیں۔
بھارت کرونا وائرس سے دنیا بھر میں تیسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ جہاں اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ 33 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔