پاکستان میں کرونا کے 553 نئے کیسز، 24 گھنٹوں میں صرف چھ اموات
کرونا وائرس سے متعلق سرکاری ویب سائٹ پر جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 ہزار افراد کے کرونا ٹیسٹس کیے گئے جن میں سے 553 ٹیسٹس مثبت آئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد چھ ہے۔
سنگاپور آنے والوں کو قرنطینہ میں رکھنے کے لیے الیکٹرونک ڈیوائس پہنائی جائے گی
سنگاپور کے حکام نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پیشِ نظر سنگاپور آنے والے کچھ افراد کو ایک الیکٹرونک ڈیوائس پہننا ہوگی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ وہ قرنطینہ کے احکامات کی پابندی کر رہے ہیں۔
یہ الیکٹرونک ڈیوائسز سنگاپور آنے والوں کو 11 اگست سے دی جائیں گی۔ یہ ڈیوائسز سنگاپور کے شہریوں اور مستقل رہائش رکھنے والے ان افراد کو بھی پہنائی جائیں گی جو 11 اگست کو سنگاپور پہنچیں گے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق یہ ڈیوائسز صرف ان افراد کو پہنائی جائیں گی جو کچھ مخصوص ملکوں سے سنگاپور پہنچیں گے اور ان افراد کو اپنے گھر پر قرنطینہ میں رہنے کی پابندی پر عمل کرنا ہو گا۔ گھر سے نکلنے کی کوشش پر یہ ڈیوائس حکام کو آگاہ کر دے گی۔
امریکہ عالمی وبا کے 'نئے دور' میں داخل ہو گیا: مشیر وائٹ ہاؤس
وائٹ ہاؤس کی کرونا وائرس سے متعلق مشیر ڈیبرا برکس نے تنبیہ کی ہے کہ امریکہ عالمی وبا کے 'نئے دور' میں داخل ہو گیا ہے جس میں دیہی علاقوں میں مقیم شہریوں کو بھی وائرس لگنے کا اتنا ہی خطرہ ہے جتنا کسی شہر میں رہنے والے کو درپیش ہے۔
انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس غیر معمولی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ دیہی علاقوں میں رہنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ بھی خطرے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کی صورتِ حال مارچ اور اپریل سے مختلف ہے۔
ڈیبرا برکس نے تلقین کی کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک پہنیں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔
خیال رہے کہ امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد 46 لاکھ 65 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جب کہ اموات ایک لاکھ 54 ہزار 834 ہو چکی ہیں۔
فلپائن میں کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کا فیصلہ
فلپائن میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر حکومت نے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ منگل سے تقریباً دو کروڑ 70 لاکھ افراد اپنے گھروں تک محدود رہنے پر مجبور ہوں گے۔
فلپائن میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ دو ہزار سے زائد ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ وائرس کے پھیلاؤ میں جون سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
فلپائن میں نئی پابندیوں کا اعلان صدر روڈریگو ڈوٹیرتے نے اتوار کو کیا جس کے مطابق دارالحکومت منیلا اور اس کے اطراف کے چار صوبوں میں منگل سے لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔
یہ لاک ڈاؤن دو ہفتوں کے لیے نافذ العمل ہوگا جس کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ اور منی بسیں بند اور ڈومیسٹک فلائٹس گراؤنڈ رہیں گی۔ لوگوں کو اپنے گھروں پر رہنا ہوگا اور اشد ضرورت یا اشیائے خور و نوش کی خریداری کے لیے ہی انہیں گھروں سے نکلنے کی اجازت ہو گی۔