رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

14:35 4.8.2020

کیسز اور اموات میں کمی، کیا پاکستان نے کرونا وائرس سے جنگ جیت لی؟

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان میں گزشتہ چند ہفتوں سے کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں بتدریج کمی ہو رہی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کنٹرول اتھارٹی (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ایک طرف نئے مریضوں کی تعداد مسلسل کم ہو رہی ہے تو وہیں کرونا کے صحت یاب مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

اس صورتِ حال پر ماہرینِ صحت کہتے ہیں کرونا کیسز میں کمی کی ایک وجہ ٹیسٹوں کی شرح کم کرنا ہے جب کہ بہتر حکومتی حکمتِ عملی نے بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔

وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی اور کرونا وائرس سے متعلق فوکل پرسن ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق ٹیسٹوں کی شرح میں کمی اس لیے ہو رہی ہے کیوں کہ لیبارٹریوں اور اسپتالوں میں کرونا ٹیسٹ کرانے کے لیے آنے والوں کی تعداد کم ہو گئی ہے۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ کرونا وائرس کے مثبت ٹیسٹ کی شرح کئی ہفتوں سے نیچے گرتی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ کرونا کے جو مریض اِس وقت پاکستان کے مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، خواہ وہ آکسیجن پر ہیں یا وینٹی لیٹرز پر، اُن کی تعداد میں بھی بتدریج کمی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حساب سے صورتِ حال ابھی بہتر ہے۔ لیکن کئی ممالک میں ایسا بھی ہوا ہے کہ کرونا وائرس کی شدت کم ہونے کے بعد دوسری لہر آئی ہے۔ اس لیے ابھی احتیاط کرنا لازم ہے۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرام بھی ڈاکٹر فیصل سلطان سے اتفاق کرتے ہیں۔ ان کے بقول پاکستان میں کیسز اور اموات کی شرح کم ہوئی ہے لیکن یہ وائرس ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا ہے۔ ان کے بقول اس وائرس کا خطرہ برقرار رہے گا، اس لیے ہمیں بہت زیادہ محتاط رہنا چاہیے۔

مزید پڑھیے

14:41 4.8.2020

روس: پانچ ہزار سے زائد نئے کیسز، اموات 14 ہزار 351 تک پہنچ گئیں

فائل فوٹو
فائل فوٹو

روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5159 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود روس میں کووڈ 19 کا شکار ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد آٹھ لاکھ 61 ہزار 423 ہو گئی ہے۔

روس میں کرونا وائرس سے متعلق قائم ادارے نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 144 افراد کووڈ 19 سے ہلاک ہوئے ہیں۔ روس میں کرونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 14 ہزار 351 ہے۔

14:54 4.8.2020

لاطینی امریکہ میں کرونا کیسز 50 لاکھ سے متجاوز

فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاطینی امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے اعداد و شمار کے مطابق اس خطے میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 50 لاکھ کا ہندسہ عبور کر چکی ہے۔

لاطینی امریکہ میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک برازیل ہے جو دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔

امریکہ کے پڑوسی ملک میکسیکو میں بھی کرونا وائرس کے روزانہ ہزاروں مریض سامنے آ رہے ہیں۔

کرونا وائرس سے لاطینی امریکہ میں دو لاکھ سے زائد اموات بھی ہوئی ہیں۔

16:37 4.8.2020

بھارت: مسلسل چھٹے روز 50 ہزار سے زائد نئے کیس رپورٹ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت میں مسلسل چھٹے روز کرونا وائرس کے 50 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

بھارت میں پیر کو کرونا وائرس کے 52 ہزار 50 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ وائرس سے 803 افراد ہلاک بھی ہوئے۔

بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 18 لاکھ 55 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ 38 ہزار 938 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 12 لاکھ 30 ہزار سے زائد ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG