پاکستان میں 15 اموات، 675 نئے کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 675 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ اس وبا سے 15 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 11 ہزار 915 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے کرونا کے اجلاس میں شادی ہالز اور ریستوران کھولنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اجلاس میں بزنس سینٹرز، سیاحتی مقامات، سنیما اور تھیٹرز کھولنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
آسٹریلیا: ریاست وکٹوریہ میں ریکارڈ کیسز، 15 اموات
آسٹریلیا کی دوسری بڑی گنجان آباد ریاست وکٹوریہ میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 725 ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔ جب کہ اس مہلک وبا سے 15 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے کرونا وائرس کے رپورٹ کیے جانے والے کیسز کی تعداد 723 تھی۔
آسٹریلیا کے دوسرے بڑے شہر میلبورن میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے سبب بدھ سے رات کے اوقات میں لوگوں کی نقل و حرکت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
بھارت میں 52 ہزار سے زائد نئے کیسز، 857 ہلاکتیں
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 52 ہزار 509 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 857 افراد اس مہلک وبا سے ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارت میں اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 19 لاکھ آٹھ ہزار 255 ہو گئی ہے۔ جن میں سے پانچ لاکھ 86 ہزار 244 افراد زیر علاج ہیں جب کہ 12 لاکھ 82 ہزار 216 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کرونا وائرس سے بھارت میں اب تک 39 ہزار 795 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔