بھارت: مسلسل آٹھویں روز 50 ہزار سے زائد کیسز، ریکارڈ 904 اموات
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 904 اموات ہوئی ہیں جب کہ مسلسل آٹھویں روز 50 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
بدھ کو کرونا وائرس کے مزید 56 ہزار 282 مریض سامنے آنے کے بعد بھارت میں کرونا کیسز کی تعداد 20 لاکھ کے قریب پہنچ رہی ہے۔
کرونا سے ریکارڈ 904 اموات کے بعد ملک میں عالمی وبا کا شکار ہو کر مرنے والوں کی تعداد 40 ہزار 699 ہو چکی ہے۔ بھارت میں صرف گزشتہ 30 دنوں میں 20 ہزار اموات ہوئی ہیں۔
بھارتی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا کے 67 فی صد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ چھ لاکھ کے قریب لوگ اب بھی وائرس کا شکار ہیں۔ کرونا سے ہونے والی اموات کی شرح دو اعشاریہ صفر نو فی صد ہے۔
برازیل میں ہلاکتیں ایک لاکھ کے قریب
برازیل میں کرونا وائرس کی وبا کے آغاز کے تقریباً پانچ ماہ بعد عالمی وبا سے ہونے والی ہلاکتیں ایک لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہیں جب کہ کیسز 28 لاکھ 59 ہزار سے زیادہ ہو چکے ہیں۔
برازیل میں کرونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو رپورٹ ہوا تھا جب کہ 16 مارچ کو ملک میں کرونا سے پہلی ہلاکت ہوئی تھی۔ لگ بھگ پانچ ماہ بعد اموات کی تعداد 97 ہزار 256 ہو گئی ہے۔
کرونا بحران، نیویارک میں جنوبی ایشیائی کاروباری طبقہ کن مشکلات سے دوچار ہے؟
کرونا وائرس کے سبب امریکہ میں سب سے زیادہ کیسز اور اموات نیویارک میں ریکارڈ کی گئیں۔ اگرچہ کرونا وائرس کے باعث لگائی جانے والی پابندیاں 3 ماہ بعد اب مرحلہ وار ختم کی جا رہی ہیں لیکن جنوبی ایشیائی کمیونٹی کو اپنی مشکلات جلد دور ہوتی نظر نہیں آ رہیں۔ دیکھیے انشومن آپٹے کی رپورٹ
پاکستان میں دو لاکھ 56 ہزار مریض کرونا سے صحت یاب
پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی شناخت کے لیے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 15 ہزار ٹیسٹس کیے گئے جن میں سے 727 مثبت آئے ہیں۔ ملک میں کرونا وائرس سے بدھ کو 21 اموات بھی ہوئی ہیں۔
پاکستان میں کرونا کیسز دو لاکھ 81 ہزار 863 ہیں جن میں سے دو لاکھ 56 ہزار صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 6035 اموات ہوئی ہیں۔