پنجاب میں صنعتیں پوری استعداد سے کھولنے کا فیصلہ
پاکستان کے صوبۂ پنجاب میں کرونا وائرس کی صورتِ حال میں بہتری آنے کے بعد صوبائی حکومت نے صنعتوں کے اوقاتِ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبہ بھر میں قائم تمام صنعیتں اب 24 گھنٹے کام کر سکیں گی۔
اِس سلسلے میں سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان یونس نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت صوبہ بھر کی تمام صنعتیں اور کارخانے پورا ہفتہ 24 گھنٹے کام کر سکیں گے۔ تعمیرات سے متعلقہ تمام شعبۂ جات اور کاروبار بھی پورے ہفتہ کام کریں گے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے ہی کاروبار کھولا جا سکے گا۔ حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے والوں کے کاروبار فوراً بند کر دیے جائیں گے۔
نوٹی فکیشن کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔
ہانگ کانگ میں 95 نئے کیسز رپورٹ
ہانگ کانگ میں جمعرات کو کرونا وائرس کے 95 نئے مریض سامنے آئے ہیں جن میں 91 افراد میں وائرس مقامی سطح پر منتقل ہوا ہے۔
ہانگ کانگ میں گزشتہ ماہ کرونا کے نئے کیسز سامنے آنا شروع ہوئے تھے جس کے بعد حکام نے سخت پابندیاں بھی عائد کی تھیں۔
رواں سال جنوری سے اب تک ہانگ کانگ میں کووڈ 19 کے 3800 مریض سامنے آ چکے ہیں جب کہ 44 اموات ہوئی ہیں۔