امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 لاکھ سے متجاوز
امریکہ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ملک بھر میں وبا سے اب تک ایک لاکھ 60 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ تعداد دنیا بھر میں کرونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد کے ایک چوتھائی کے قریب ہے۔
دنیا بھر کی طرح امریکہ میں بھی شہری وائرس کے باعث معاشی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا وائرس کی وبا کے دوران امریکیوں کے لیے معاشی امداد کی فراہمی کی غرض سے ہفتے کو ایک انتظامی حکم نامے اور تین یاداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔
'رائٹرز' کی ایک رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے اوائل میں ماہرین کی جانب سے توقع ظاہر کی گئی تھی کہ کرونا وائرس کے خلاف ایک موثر ویکسین سال کے آخر تک دستیاب ہوسکے گی۔
کرونا سے متاثرہ افراد کو مفت کھانا فراہم کرنے کا مشن
کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کو صرف علاج ہی نہیں اچھی خوراک کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن بیماری کے باعث کھانا بناناآسان نہیں ہوتا۔ ایسے وقت میں مریض اور اس کے اہل خانہ کی مدد کے لئے لاہور میں ایک خاتون کام کر رہی ہیں۔ ان سے ملئے ثمن خان کی رپورٹ میں
بھارت: ہوٹل میں قائم طبی مرکز میں آتش زدگی، 10 افراد ہلاک
بھارت کی ریاست آندھرا پردیش کے ایک ہوٹل میں خوف ناک آتش زدگی کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ہوٹل کرونا وائرس کے متاثرین کے لیے سہولت سینٹر کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے ریاستی پولیس کے حوالے سے خبر دی ہے کہ واقعہ اتوار کی صبح 5 بجے پیش آیا۔ اس وقت 22 مریض علاج کی غرض سے سہولت سینٹر میں داخل تھے۔
پولیس کے مطابق آگ اس قدر خوف ناک تھی کہ متعدد افراد عمارت میں پھنس گئے جنہوں کافی جدوجہد کے بعد عمارت سے نکال لیا گیا۔ زخمیوں کو دوسرے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا ہے کہ وہ آندھرا پردیش کے علاقے وجئے واڑہ میں قائم کرونا وائرس سہولت سینٹر میں آتش زدگی پر نہایت غمزدہ ہیں۔ مرکز نے ریاستی حکومت کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
وائرس نے شادی بیاہ کے طور طریقے بدل ڈالے
پاکستان میں کرونا وائرس نے ایسی تقریبات بھی بے رونق کر دی ہیں جو عزیز و اقارب اور دوست احباب کی موجودگی سے سجائی جاتی ہیں۔ کرونا وائرس نے شادی کی تقریبات کو کیسے بدل دیا ہے؟ دیکھیے اس رپورٹ میں