کرونا سے متاثرہ افراد کو مفت کھانا فراہم کرنے کا مشن
کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کو صرف علاج ہی نہیں اچھی خوراک کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن بیماری کے باعث کھانا بناناآسان نہیں ہوتا۔ ایسے وقت میں مریض اور اس کے اہل خانہ کی مدد کے لئے لاہور میں ایک خاتون کام کر رہی ہیں۔ ان سے ملئے ثمن خان کی رپورٹ میں
بھارت: ہوٹل میں قائم طبی مرکز میں آتش زدگی، 10 افراد ہلاک
بھارت کی ریاست آندھرا پردیش کے ایک ہوٹل میں خوف ناک آتش زدگی کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ہوٹل کرونا وائرس کے متاثرین کے لیے سہولت سینٹر کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے ریاستی پولیس کے حوالے سے خبر دی ہے کہ واقعہ اتوار کی صبح 5 بجے پیش آیا۔ اس وقت 22 مریض علاج کی غرض سے سہولت سینٹر میں داخل تھے۔
پولیس کے مطابق آگ اس قدر خوف ناک تھی کہ متعدد افراد عمارت میں پھنس گئے جنہوں کافی جدوجہد کے بعد عمارت سے نکال لیا گیا۔ زخمیوں کو دوسرے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا ہے کہ وہ آندھرا پردیش کے علاقے وجئے واڑہ میں قائم کرونا وائرس سہولت سینٹر میں آتش زدگی پر نہایت غمزدہ ہیں۔ مرکز نے ریاستی حکومت کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
وائرس نے شادی بیاہ کے طور طریقے بدل ڈالے
پاکستان میں کرونا وائرس نے ایسی تقریبات بھی بے رونق کر دی ہیں جو عزیز و اقارب اور دوست احباب کی موجودگی سے سجائی جاتی ہیں۔ کرونا وائرس نے شادی کی تقریبات کو کیسے بدل دیا ہے؟ دیکھیے اس رپورٹ میں
نیوزی لینڈ: 100 دن میں مقامی سطح پر وائرس منتقلی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا
نیوزی لینڈ گزشتہ 100 دن کے دوران کرونا وائرس کا مقامی سطح پر منتقلی کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا جس پر نیوزی لینڈ کو وائرس سے دنیا کا محفوظ ترین ملک بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
نیوزی لینڈ کی آبادی 50 لاکھ ہے جب کہ ملک میں معمولات زندگی بحال ہو گئے ہیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ عوامی سطح پر احتیاطی تدابیر مکمل طور پر نظر انداز کرنے کا نتیجہ خطرناک ہو سکتا ہے۔
نیوزی لینڈ میں قرنطینہ میں موجود کرونا مریضوں کی تعداد 23 ہے جب کہ ملک بھر میں مجموعی کیسز 1219 ہیں۔
نیوزی لینڈ کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر ایشلے بلوم فیلڈ کا کہنا ہے کہ 100 دن میں کرونا وائرس کی مقامی سطح پر منتقلی کا کوئی کیس بھی رپورٹ نہ ہونا بڑی کامیابی ہے۔
ان کے بقول ہم لاپروائی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ بہت سی ایسی جگہوں میں جہاں کرونا ختم ہو چکا تھا، وائرس نے دوبارہ سر اٹھایا ہے اس لیے احتیاط لازمی ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن نے انتخابی مہم شروع کرتے ہوئے آئندہ الیکشن کو کووڈ الیکشن کا نام دیا ہے۔